تعلیم کی شمعیں روشن کرنے سے ہی غربت کے اندھیروں کا خاتمہ ہو گا، خلیل طاہر

لاہور(جنرل رپورٹر) صوبائی وزیر برائے انسانی حقوق و اقلیتی امور خلیل طاہر سندھو نے کہا ہے کہ ہر شہری کو بلا تفریق بنیادی سہولتوں کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔ گھر گھر میں تعلیم کی شمعیں روشن کرنے سے ہی غربت اور جہالت کے اندھیروں کا خاتمہ ہو گا ۔ وہ دن دور نہیں جب جنوبی پنجاب کا ہر بچہ سکول جائے گا۔ پنجا ب حکومت نے جنوبی پنجاب کی ترقی کیلئے 173ا رب روپے کی رقم مختص کی ہے ۔ آئندہ بجٹ میں جنوبی پنجاب کے عوام کی ترقی و خوشحالی ، تعلیم ، صحت اور امن وامان کی فراہمی پر خصوصی توجہ دی جائے گی ۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر خلیل طاہر سندھو نے گزشتہ روز جنوبی پنجاب میں کام کرنے والی سماجی تنظیم کے وفد سے ملاقات کرتے ہو ئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف جنوبی پنجاب کی ترقی اور دور افتادہ علاقوں سے تعلق رکھنے والے افراد کو ترقی کے دائرے میں شامل کرنے کے لئے انقلابی اقدامات کر رہے ہیں ۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے طلبا و طالبات کا لیپ ٹاپ سکیم میں 50فیصد کو ٹہ مختص کیا گیا ہے ۔ چھٹی سے دسویں کلا س کی طالبات کو ماہانہ وظیفہ ادا کیا جائے گا ۔ صحت اور تعلیم کے شعبہ میں حکومت پنجاب نے گزشتہ سال کی نسبت بجٹ میں ریکارڈ اضافہ کیا ہے جنوبی پنجاب میں تعلیم اور صحت کے شعبہ میں خصوصی پروگرام شروع کئے گئے ہیں تاکہ لوگوں کو بنیادی سہولتوں کی فرہمی یقینی بنائی جا سکے ۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب میں انفراسٹرکچر ، سڑکوں کی تعمیر اور انڈسٹریل اسٹیٹ کے قیام سے روز گار کے نئے مواقع فراہم ہو ئے ہیں ۔ ملتان میٹرو بس کا منصوبہ جلد مکمل کر لیا جائے گا جبکہ جنوبی پنجاب کے دس ہزار گھروں کو آئندہ سال شمسی توانائی پر منتقل کیا جائے گا ۔ ڈیرہ غازی خان اور راجن پور کے علاقوں میں ترقیاتی کاموں کے لئے ایک ارب20کروڑ روپے کی رقم خرچ کی جائے گی ۔ ملا قات میں وفد کے اراکین نے جنوبی پنجاب میں ترقیاتی کاموں ، شعبہ تعلیم اور صحت کے حوالے سے اپنی سفارشات سے آگا ہ کیا ۔آخر میں صوبائی وزیر خلیل طاہر سندھو نے وفد کو محکمہ اقلیتی امور و انسانی حقوق کی کارکردگی اور مستقبل کے لائحہ عمل کے حوالے سے آگا ہ کیا ۔