لاہور(خبر نگار)پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ کے ممبران سے خطاب کرتے ہوئے وائس چیئرمین پیف ڈاکٹرمحمد امجد ثاقب نے ممبران کو مبارکباد دی کہ انہوں نے جانفشانی اور محنت سے ایک مشکل اور سنگ میل کو حقیقت میں بدل دیاہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ اپنے قیام سے اب تک ڈیڑھ لاکھ سے زائد وظائف تقسیم کر چکا ہے جس کی کل مالیت ساڑھے 7ارب روپے ہے ۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف کی علم دوست کوششوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت کے مطابق پیف نے 150,000 وظائف کا سنگ میل عبور کر لیا، انہوں نے مزید کہا کہ آ نے والے تعلیمی سال میں وظائف کی کل تعداد 2 لاکھ سے تجاوز کر جائے گی ۔ مزید بر آں وظائف کے اجراء میں جنوبی پنجاب کی خواتین کی تعلیم کے لیے پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ نے اضافی 25 ہزار وظائف رکھے ہیں جن کی مالیت تقریباُُ ایک ارب روپے ہے ۔ اس موقع پر پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر کامران شمس کے علاوہ بورڈ آف ڈائریکٹرز کی ممبر محترمہ نصرت جمیل بھی موجود تھیں۔ محترمہ نصرت جمیل نے بھی پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ کے ممبران اور ڈاکٹر کامران شمس کی قیادت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی ہی بدولت یہ سب ممکن ہو پایہ ۔
جس کیلئے وزیر اعلیٰ شہباز شریف جو ادارہ کے چئیرمین بھی ہیں اور پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ کی ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے ۔ ڈاکٹر کامران شمس نے تمام حاضرین اور مہمانان گرامی کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اس بات کا عزم کیا کہ آئندہ بھی ادارہ کا تمام سٹاف اسی لگن اور دل جمعی سے کام کرے گا اور چیئرمین ووائس چیئرمین کی امیدوں پر پورا اترتے ہوئے علم دوستی کا یہ سفر جاری و ساری رہے گا ۔ پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ ملک کی تعلیمی، سماجی و معاشی ترقی میں اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔ ایک ارب روپے سے شروع ہونے والے انڈومنٹ فنڈ کی مالیت اب 16 ارب ہو گئی ہے ۔