گورنمنٹ ہائی سکول باگڑیاں گرین ٹاؤن میں اساتذہ اور عملے کی کمی ،وزیر اعلٰی نوٹس لیں :انتظامیہ


لاہور( لیاقت کھرل) گورنمنٹ ہائی سکول باگڑیاں گرین ٹاؤن میں اساتذہ کی شدید کمی، سکول بنیادی سہولتوں سے محروم، اساتذہ کی شدید کمی کے ساتھ درجہ چہارم کے ملازمین کی کمی سمیت متعدد مسائل سے وزیر اعلیٰ پنجاب کو سکول کونسل کے ممبران نے ایک خط میں توجہ مرکوز کروائی ہے جس میں وزیر اعلیٰ کو بتایا گیا ہے کہ یہ سکول جو کہ 1967ء میں قائم ہوا اور اس سکول میں پرائمری سے مڈل سکول تک بچوں کی تعداد انتہائی کم تھی اور سال 2010ء تک بچوں کی تعداد صرف 200 کے قریب تھی اور وزیر اعلیٰ پنجاب کے حکم پر 2010ء میں اس سکول کو ہائی سکول کا درجہ دیا گیا تو صرف دو سے تین سالوں میں اس سکول میں بچوں کی تعداد سینکڑوں تک پہنچ گئی اور اب اس سکول کی تعداد 1462 سے تجاوز کر گئی ہے ، تاہم اس سکول میں کئی سالوں سے اساتذہ کی شدید ترین کمی چلی آ رہی ہے۔ اس سکول کی عمارت اور اراضی جو کہ 29 ایکڑ پر مشتمل ہے ۔ اساتذہ اور دیگر محکمانہ سہولتوں کے فقدان کے باوجود پیف اور میٹرک کے بورڈز کا رزلٹ 75 فیصد رہا ۔ اس سکول کے اساتذہ انتہائی محنتی اور سکول کی موجودہ انتظامیہ اور سکول کونسل کی مشترکہ کوششوں سے اس سکول میں تعلیم کامعیار دن بدن بہتر ہو رہا ہے۔ سکول میں نہ کوئی پارک، نہ کوئی لیبارٹری اٹینڈنٹ ہے جبکہ بیالوجی جیسے اہم مضمون کا استاد کئی سالوں سے تعینات نہیں ہے۔ اسی طرح اس سکول میں کمپیوٹر کلاس کے استاد کی عدم دستیابی کے باعث بچے کمپیوٹر کی کلاس سے محروم ہیں۔ ’’ پاکستان سروئے‘‘ میں اس سکول میں سائنس لیبارٹریاں موجود ہیں، لیکن لیب میں کیمسٹری اور بیالوجی کے مضامین کے لیے سامان تک نہیں ہے۔ اسی طرح اس سکول کا سب سے بڑا مسئلہ اساتذہ کی کمی ہے۔ اس سکول میں منظور شدہ اساتذہ کی تعداد 40 جبکہ 24 اساتذہ سے اس سکول کا نظام چلایا جا رہا ہے جبکہ سکول میں خاکروب ، مالی ، لیب اٹینڈنٹ نہ ہونے کی وجہ سے سکول کے بچوں اور سکول کی انتظامیہ کو مسائل کا سامنا ہے۔ اس حوالے سے سکول کی انتظامیہ متعدد بار اعلیٰ حکام کو خطوط ارسال کر چکی ہے لیکن محکمہ سکولز ایجوکیشن کے حکام ٹس سے مس نہیں ہو رہے جس سے اس سکول کا تعلیمی نظام کمزور ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے اور وزیر اعلیٰ سے خصوصی طور پر ذاتی مداخلت کا مطالبہ کیا ہے جبکہ اس حوالے سے محکمہ سکولز ایجوکیشن کی انتظامیہ اور ای ڈی او طارق رفیق کا کہنا ہے کہ اساتذہ کی کمی دور کرنے کے لئے ایجوکیٹرز بھرتی کیے جا رہے ہیں جس میں اس سکول کو 5 اساتذہ دئیے جائیں گے جبکہ درجہ چہارم کے ملازمین کی بھرتی بھی کی جا رہی ہے جبکہ دیگر مسائل بھی حل کئے جائیں گے۔