ایجوکیشن اتھارٹی کا قیام نظام تعلیم کو تبا ہ کرنے کے مترادف ہے،رشید بھٹی

لاہور(خبر نگار)اساتذہ کی تنظیم ہیڈ ماسٹرز ایسوسی ایش کے مرکزی صدر رشید احمد بھٹی نے کہا ہے کہ سرکاری سکولوں میں ایجوکیشن اتھارٹی کا قیام تعلیم کے نظام کو تباہ کرنے کے مترادف ہے ۔ اچھے نتائج کے حامل سرکاری سکول دانش اتھارٹی اور پیف کے حوالے کئے جا رہے ہیں، حکومت نے ان فیصلوں کو واپس نہ لیا تو اساتذہ کی جانب سے چلائی جانے والی احتجاجی تحریک کا بھرپور ساتھ دیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ’’پاکستان‘‘ سے خصوصی گفتگو کے دوران کیا ۔ اس موقع پر رشید احمد بھٹی نے کہا کہ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی کے قیام سے تعلیمی اداروں میں سیاسی مداخلت شروع ہو جائے گی جو کہ تعلیمی اداروں کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیں گے، اساتذہ اپنے محکمہ کے افسران کی بجائے پرائیویٹ اور سیاسی افراد کے رحم و کرم پر ہوں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دانش اتھارٹی کے حوالے ایسے بڑے سکولوں کو کیا جا رہا ہے جن سکولوں کے رزلٹ پہلے ہی بہت اچھے اور شاندار ہیں





، ان سکولوں کو دانش اتھارٹی کے حوالے کرنے کا مقصد سکولوں کی اربوں روپے کی اراضی کو خورد برد کرنا ہے ۔جبکہ پیف کے حوالے کرنے سے پرائمری سطح پر محکمہ سکولز ایجوکیشن ایک قسم کا ختم ہو کر رہ جائے گا ، اس سے انرولمنٹ کا سلسلہ رک کر رہ جائے گا۔ جبکہ دانش اتھارٹی اور پیف کے حوالے کرنے سے جہاں سرکاری سکولوں کی اصل حیثیت ختم ہو کر رہ جائے گی، اس سے مستحکم سکولز ایجوکیشن ناکارہ اور اساتذہ بڑے پیمانے پر بے روزگار ہو کر رہ جائیں گے حکومت نے اگر تمام یہ فیصلے واپس نہ لئے تو عید الفرط کے بعد اساتذہ کی جانب سے چلائی جانے والی احتجاجی تحریک کا بھرپور ساتھ دیا جائے گا اور سکولوں کے ہیڈ ماسٹرز بھی اساتذہ کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔