لاہور(خبرنگار)پنجابر ایجوکیشن فاؤنڈیشن ضرورت مند طالب علموں کی میٹر ک تک مفت و معیار ی تعلیم کا سب سے بڑا منصوبہ ہے جس کی افادیت کا اعتراف عالمی سطح پر کیا گیا ہے۔ اس فاؤنڈیشن کے تعلیمی منصوبوں سے غربت و افلاس کا شکار بچوں کی سکول تک رسائی ممکن ہو ئی ہے اور انہیں تعلیم کے ذریعے زندگی بہتر بنانے کا موقع ملا ہے ۔ یہ بات اطمینان بخش ہے کہ پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے تعلیمی منصوبوں سے مستفید ہو نے والے ضرورت مند طالب علموں کی تعداد 20لاکھ سے بڑھ گئی ہے۔یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ ہمار ے بچوں میں حصول علم کی بے پناہ لگن موجود ہے ، ضرورت اس امر کی ہے کہ وسائل کی کمی آڑے نہ آنے پائے۔یہ بات ایم ڈی پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن طارق محمود نے گزشتہ روز اپنے دفتر میں منعقدہ محکمانہ اجلا س کی صدارت کر تے ہوئے کہی۔
اجلاس میں پروگرام ڈائریکٹر ز سمیت مختلف افسران نے شرکت کی۔اس موقع پر غربت اور دیگر سماجی عوامل کی بناء پر حصول علم سے محروم بچوں کو پارٹنر سکولوں میں مفت تعلیم کی فراہمی کے اقدامات پر تفصیلی غور وحوض کیا گیا۔ اجلاس نے اس بات کو سراہا کہ پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن نے چھوٹے اور درمیانے درجے کے نجی سکولوں کے ساتھ اشتراک کر کے معیاری تعلیم کو ضرورت مند بچے کی دہلیز تک پہنچا دیا ہے۔ اب بے وسیلہ طالب علم تعلیمی اخراجا ت سے بے نیاز ہو کر حصول علم میں مصروف ہیں ۔ اس طرح 'پڑھو پنجاب، بڑھو پنجاب'کے تحت سو فیصد انرولمنٹ کا ہدف حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔ اجلاس نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ پارٹنر سکولوں کے اساتذہ کی پیشہ ورانہ استعداد کار میں بہتری پر خاص توجہ دی گئی ہے۔ اس طرح سکولوں کے مجموعی ماحول میں بہتری آئی ہے ۔ اجلاس سے خطاب کر تے ہوئے طارق محمود نے کہا کہ پارٹنر سکولوں کے تعلیمی نتائج اس بات کاثبوت ہیں کہ ہمارے طالب علم لیاقت اور ذہانت میں کسی سے کم نہیں، پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن نے ان طالب علموں کو علم کی دولت سے لیس کر کے قومی تعمیر میں حصہ ڈالنے کا موقع فراہم کر دیا ہے۔