پوزیشن ہولڈرز بچے قوم کے ہیرو ہیں ، محنت کسی کی میراث نہیں ، شہباز شریف

 لاہور(جنرل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی جانب سے ماڈل ٹاؤن میں میٹرک کے امتحانات میں انتہائی محدود وسائل کے گھرانوں سے تعلق رکھنے والے پوزیشن ہولڈرز طلبا و طالبات کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد کیاگیا۔وزیراعلیٰ نے پوزیشن ہولڈرز طلبا و طالبات کو لیپ ٹاپ اور ایک، ایک لاکھ روپے کے چیک دیئے۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر ان کم وسیلہ گھرانوں سے تعلق رکھنے والے پوزیشن ہولڈرز کے مستقبل کے تمام تعلیمی اخراجات برداشت کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہونہار بچے ہمارے ہیرو ہیں جنہوں نے مشکل حالات میں محنت کے ذریعے اپنی صلاحیتوں ،قابلیت اورذہانت سے امتحانات میں نمایاں پوزیشنیں حاصل کی ہیں لہذا جب تک یہ تعلیم حاصل کرنا چاہیں گے صوبائی حکومت پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈکے ذریعے ان کے تعلیمی اخراجات برداشت کرے گی۔وزیراعلیٰ نے پوزیشن ہولڈرز طلباء و طالبات ،ان کے والدین،اساتذہ اورپرنسپل صاحبان کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آج ہم قوم کے ان بیٹے اور بیٹیوں کی محنت کو سلام پیش کرتے ہیں۔کم وسیلہ گھرانوں کے بچوں اور بچیوں کا مشکل حالات میں پوزیشنیں حاصل کرنا قابل تحسین ہے اور اس سے یہ بات ثابت ہوتی ہے کہ محنت کسی کی میراث نہیں،یہ ہر ایک کا حق ہے اوراگر وہ محنت کرے تو دروازے خوبخود کھلتے جاتے ہیں،ان بچے بچیوں کو ان کے والدین نے پیٹ کاٹ کرتعلیم دلائی ہے اورانہوں نے بھی اپنے والدین کی لاج رکھی ہے،ان بچوں اوربچیوں کا تعلق ایسے گھرانوں سے ہے جہاں تعلیم کا حصول ممکن نہ تھالیکن قوم کے اس تابناک مستقبل نے اپنی محنت ،ذہانت کے ذریعے یہ مقام حاصل کیا ہے اور پوری قوم کو ان کی کامیابی پر فخر ہے ۔یہ پاکستان کے درخشاں ستارے ہیں کیونکہ انہوں نے غربت میں رہ کر اخلاص کے ساتھ محنت کی اور آج امیروں کے بچوں سے بہتر مقام حاصل کیا ہے ۔ اگر محنت سے کام کیا جائے تو کوئی پہاڑ بھی منزل کے حصول میں حائل نہیں ہوسکتا،ان بچوں اوربچیوں کی داستانیں قوم میں نیا جذبہ اورجستجو پیدا کریں گی کیونکہ ان کی محنت یہ گواہی دے رہی ہے کہ اگر محنت کی جائے تومشکل مشکل نہیں رہتی اورکم وسائل بھی راستے میں حائل نہیں ہوتے۔ محدودوسائل کے گھرانوں کے بچے اوربچیوں نے محنت کے ذریعے میٹرک کے امتحانات میں پوزیشین حاصل کر کے یہ کردکھایا ہے اور میرا ایمان ہے کہ محنت کے ذریعے معاشرے میں عزت و وقار کا مقام حاصل کیا جاسکتاہے اور قوم کی تقدیر بھی بدلی جاسکتی ہے۔ میٹرک کے پوزیشن ہولڈرز طلبا و طالبات کو انعامات سے نوازنے کیلئے بڑی تقریب جلد منعقد ہوگی۔وزیراعلیٰ نے دو بچیوں کے والدین کو تعلیم دلانے کے حوالے سے قائل کرنے اوران کے دیگر اخراجات اپنی جیب سے ادا کرنے پر بچیوں کے سکولز کی ہیڈمسٹریس کے جذبے کو سلام پیش کیااور کہا کہ ان اساتذہ کایہ طرز عمل انتہائی قابل تحسین ہے اور میں انہیں لاہور بلا کران کی بھر پور حوصلہ افزائی کروں گا۔پوزیشن ہولڈرز طلبا و طالبات، ان کے والدین، سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن، سیکرٹری سکولز،تعلیم بورڈز کے چےئرمینوں، محکمہ تعلیم کے حکام اور کالم نگاروں نے تقریب میں شرکت کی۔ وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ مریضوں کو جدید و معیاری طبی سہولتوں کی فراہمی ہمارا مشن ہے۔ہسپتالوں میں مریضوں کو صحت کی معیاری سہولتوں کی فراہمی کے لئے وسائل کی کوئی کمی نہیں۔دکھی انسانیت کی خدمت کے لئے جذبے، محنت اور عزم کے ساتھ ملکر کام کرنا ہے ۔تحصیل و ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتالوں میں مریضوں کومعیاری علاج معالجہ کی فراہمی یقینی بنائیں گے اورہسپتالوں میں مختلف شعبوں کے ماہر ڈاکٹروں کی کمی ترجیحی بنیادوں پر پورا کریں گے۔ہسپتالوں میں مفت ادویات کی فراہمی اور خریداری کا نیا فول پروف پلان مرتب کر لیا گیا ہے ۔ایک سال میں 25 ڈی ایچ کیو اور 15 ٹی ایچ کیو کو اپ گریڈ کیا جائے گا۔وزیر اعلی نے ہیلتھ کیئر سسٹم کی بہتری کے حوالے سے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہیلتھ کیئر سسٹم کی بہتری کے لئے درست سمت بڑھ رہے ہیں ۔کنٹری مینجر گاوی حامد رضا ستیش نے کہا کہ وزیر اعلی شہباز شریف ہیلتھ کیئرسسٹم کو بہتر بنانے کیلئے ایسے اقدامات کئے ہیں جن کی دیگر صوبوں کو بھی تقلید کرنی چاہیے۔ہیلتھ کیئر سسٹم کی بہتری کے لئے شہباز شریف کے اقدامات لائق تحسین ہیں ۔ ڈیفڈ کے خصوصی نمائندے سرمائیکل باربر، ڈائریکٹر ہیلتھ روڈ میپ ٹیم فینٹن ویلن(Mr. Fenton Wheelan، کنٹری مینجر گاوی(GAVI) حامد رضا ستیش(Mr. Hamid Reza Setayesh)،ڈیفڈ لاہور کے نمائندے بن فرنچ اور روڈ میپ ٹیم کے حکام ،اراکین صوبائی اسمبلی مخدوم ہاشم جوان بخت، قاضی عدنان فرید، نادیہ عزیز، چیف سیکرٹری ، طبی ماہرین ، وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی اور اعلی حکام نے اجلاس میں شرکت۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی زیرصدارت یہاں اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں پنجاب کے سکولوں اور بنیادی مراکز صحت کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کے حوالے سے پروگرام کے مختلف امور کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 4 ہزار سے زائد سکولوں کو آف گرڈ کرکے شمسی توانائی پر منتقل کرنے کے پروگرام کو تیزی سے آگے بڑھایا جائے اورپروگرام کیلئے شفاف طریقے سے بین الاقوامی معیار کی شہرت یافتہ کمپنیوں کا انتخاب کیا جائے۔ صوبائی وزیر زراعت ڈاکٹر فرخ جاوید، چیئرمین پنجاب صاف پانی کمپنی ایم پی اے کاشف پڈھیار، سیکرٹری سکولز ایجوکیشن، سیکرٹری توانائی اور اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی جبکہ وائس چانسلر زرعی یونیورسٹی فیصل آباد ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔ جرمن سولر کنسلٹنٹ ڈاکٹر گرون ڈریسمین (DR. Gerwin Dreesmann) نے پروگرام کے حوالے سے بریفنگ دی۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی ۔اس موقع پر گفتگوکرتے ہوئے وزیراعلیٰ شہبازشریف نے کہا کہ وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں پاکستان کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کی منزل کی جانب تیزی سے بڑھ رہے ہیں۔ بعض سیاسی عناصر پھر ترقی و خوشحالی کا سفر روکنے کے درپے ہیں۔ ملک آگے بڑھ رہا ہے لیکن ناکام دھرنا دینے والوں کو ملک کی ترقی عزیز ہے نہ عوام کی خوشحالی۔ ملک و قوم کا قیمتی وقت ضائع کرنے والوں کو ہوش کے ناخن لینے کی ضرورت ہے۔پاکستان کے 18 کروڑ باشعور عوام اب ان شکست خوردہ سیاسی عناصر کو ترقی و خوشحالی کے سفر میں رکاوٹ نہیں ڈالنے دیں گے۔وزیراعلیٰ سے ملاقات کرنے والوں میں اراکین قومی اسمبلی میں سردار امجد فاروق کھوسہ، رانا زاہد حسین، طاہر اقبال چوہدری اور رکن صوبائی اسمبلی احسان الحق باجوہ شامل تھے۔

شہباز شریف