لاہور(خبر نگار) سرکاری کالجز میں داخلوں کا پہلا مرحلہ شروع، اکثر کالجز میں پہلی میرٹ لسٹ آویزاں، دوسرے مرحلہ میں دوسری میرٹ لسٹ جبکہ صوبے بھر کے سرکاری کالجز میں 8سے10اگست تک میرٹ لسٹ آویزاں اور داخلوں کو مکمل کرنے کا ٹاسک دے دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالحکومت سمیت صوبے بھر کے سرکاری کالجز میں داخلوں کیلئے پہلے مرحلہ کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ جس میں کالجز میں پہلی میرٹ لسٹ آویزاں کرنا شروع کر دی گئی ہے، جس کے ساتھ ہی سرکاری کالجز میں رش بڑھ گیا ہے اور داخلوں کے سلسلہ میں تیزی آنا شروع ہو گئی ہے۔ لاہور کے اکثریتی سرکاری کالجز کی انتظامیہ نے پہلی میرٹ لسٹ گزشتہ روز آویزاں کر دی ہے۔ جس میں دوسری میرٹ لسٹ اگلے دو تین دنوں میں جاری کی جانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ صوبے بھر کے سرکاری کالجز کی انتظامیہ نے 8سے 10اگست تک حتمی میرٹ لسٹوں کو آویزاں کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، جس کے بعد فرسٹ ائیر کے داخلوں کا سلسلہ آخری مرحلہ میں داخل ہو جائے گا ۔ذرائع کے مطابق صوبے بھر کے سرکاری کالجز میں ساڑھے سات لاکھ سے زائد طلباء و طالبات کو داخل کرنے کا ٹاسک دیا گیا ہے، تاہم یکے بعد دیگر میرٹ لسٹوں کے باعث طلباء و طالبات میں تشویش پائی جانے لگی ہے اور طلباء کا کہنا ہے کہ میرٹ لسٹ کی آڑ میں سفارشی ہاتھ اپنا کام دیکھانے لگے ہیں، جبکہ اس حوالے سے ڈی پی آئی کالجز خالد جاوید کا کہنا ہے کہ کالجز میں میرٹ پر داخلے دینے کا حکم دے رکھا ہے کسی قسم کی سفارش یا مداخلت برداشت نہیں ہو گی اور داخلوں کی سخت مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔