تعلیم کے شعبہ میں انقلابی اقدامات جاری ہیں، رانا مشہود


لاہور(خبرنگار) صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود ا حمد خان نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے وژن کے مطابق صوبہ بھر میں تعلیم کے شعبہ میں انقلابی اقدامات جاری ہیں۔ صوبہ بھر کے سکولوں میں 3600نئے کلاس رومز کا اضافہ کیا جار ہا ہے۔یہ بات انہوں نے یوکے سے پراجیکٹ منیجر ایجوکیشن روڈ میپ ٹیم سٹیفن ہال کی سربراہی میں نمائندو وفد سے میٹنگ کے دوران بتائی۔ صوبائی وزیرنے وفد کو صوبہ بھر میں تعلیم کے شعبہ میں جاری منصوبوں سے آگاہ کیا ۔انہوں نے وفد کو بتایا کہ سکول ایجوکیشن کے شعبہ مجموعی طو رپر 256 ارب روپے کی خطیر رقم مختص کی گئی ہے۔ سکول ایجوکیشن کے ترقیاتی منصوبوں کے لئے مختص بجٹ میں 71فیصد اضافہ کیا گیا ۔انہوں نے بتایا کہ 50ارب کی لاگت سے کے جامع پروگرام کا آغازکیاجارہاہے۔ 2سال میں 36ہزار نئے کلاس رومز کی تعمیر، ضروری سہولتوں کی فراہمی، مخدوش عمارتوں کی بحالی، آئندہ مالی سال میں19ہزار سکولوں میں نئے اضافی کمرے اورتمام سکولوں میں ضروری سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ صوبائی وزیر نے بتایا کہ چھوٹے بچوں کے لئے پنجاب بھر کے سکولوں میں 10ہزارائیرکنڈیشنرروم بنائے جائیں اسی طرح جنوبی پنجاب کے 11اضلاع کی 4لاکھ طالبات کے لئے چھٹی سے دسویں جماعت تک ماہانہ وظیفہ دو سوسے بڑھا کر ایک ہزار روپے کر دیاگیاہے۔پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے لئے12ارب مختص کئے گئے ہیں۔ مالی معاونت سے تعلیم حاصل کرنے والے طلبا کی تعداد 22لاکھ ہو جائے گی۔ پنجاب ایجوکیشن انڈوومنٹ فنڈ کی رقم میں 100فیصد اضافہ، 2 ارب سے بڑھا کر 4ارب روپے مختص کیا گیاہے جس سے مجموعی حجم 20ارب ہو گیاہے اور2لاکھ طلبہ وظائف لیں گے۔