تعلیمی اداروں کی مخدوش سیکورٹی صورت حال حکومت کی ناکامی کا ثبوت ہے، صہیب الدین

لاہور(خبرنگار) اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کے ناظم اعلیٰ سید صہیب الدین کاکا ٰخیل نے کہا ہے کہ تعلیمی اداروں کی مخدوش سیکورٹی صورت حال حکومت کی ناکامی کا ثبوت ہے، اداروں کو بھرپور سیکورٹی فراہم کی جائے۔ بچوں کے اغواء کے واقعات طلبہ وطالبات کے تعلیمی نقصان کا موجب بن رہے ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے والدین کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ واضح رہے کہ لاہور کے تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم بچوں کے والدین کے ایک وفد نے مرکزی سیکرٹریٹ کا دورہ کیا اور والدین میں پائے جانے والے خوف و ہراس سے ناظم اعلیٰ کو آگاہ کیا۔ ناظم اعلیٰ کا مزید کہناتھاکہ حکومت عوام کو خوف و ہراس کی اس کیفیت سے نکالنے کے لیے فوری اقدامات کرے۔




۔والدین نے بچوں کو سکولوں میں بھیجنے سے روک رکھا ہے اور حکام کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگ رہی۔ جمعیت ماہرین نفسیات اور تعلیمی ماہرین سے خصوصی ملاقاتیں کرکے سوشل میڈیا مہم لانچ کرے گی۔ جبکہ میڈیا کے ذمہ داران سے خصوصی ملاقاتیں کرکے انہیں والدین سے خوف و ہراس کو کم کرنے کے لئے اپنا کردار ادا کرنے کے لئے کہے گی۔ انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ بچوں کو بلا خوف خطر تعلیمی اداروں میں بھیجیں اور اغواء کاروں اور خوف پھیلانے والے عناصر کو منہ توڑ جواب دیں جو ملک میں خوف کی فضاٗ پھیلا کر اپنے مقاصد حاصل کرنے کی کوششیں کر رہے ہیں۔کاکا خیل کا کہنا تھا کہ میڈیا کو ذمہ داران کردار ادا کرتے ہوئے ایسے واقعات کی مثبت رپورٹنگ کرنے چاہیے تاکہ ملک میں امید کا دیا جل سکے#