میڈیکل انٹری ٹیسٹ کے انتظامات کے حوالے سے اہم اجلاس

لاہور( جنرل رپورٹر)ڈی سی او لاہور کیپٹن(ر)محمد عثمان کی زیر صدارت میڈیکل انٹری ٹیسٹ پیشگی کے انتظامات کرنے کے حوالے سے ایک اہم اجلاس ٹاؤن ہال میں منعقد ہوا۔اجلاس میں ٹاؤن ایڈ منسٹریٹرز،ٹی ایم اوز، پولیس،ریسکیو، سول ڈیفنس، صحت اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔اس موقع پر امتحان کے کو آرڈینیٹر نے ڈی سی او لاہور کیپٹن محمد عثمان کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ28اگست کو میڈیکل میں داخلہ کے لئے انٹری ٹیسٹ کا اہتمام کیا جا رہا ہے جس کے لئے آٹھ امتحانی سنٹرز بنائے گئے ہیں۔یہ سنٹرز بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن لارنس روڈ، گورنمنٹ سنٹرل ماڈل سکول لوئر مال ، لاہور کالج فار وویمن یونیورسٹی جیل روڈ، گورنمنٹ کمپری ہینسو گرلز ہائی سکول وحدت روڈ، گورنمٹ پوسٹ گریجو ایٹ کالج فار ویمن سمن آباد،گورنمٹ جونیئر سنٹرل ماڈل سکول ریٹی گن روڈ، امتحانی مرکز یونیورسٹی آف پنجاب وحدت روڈاور یو نیورسٹی آف ایجوکیشن ٹاؤن شپ میں بنائے جائیں گے۔ڈی سی او لاہور نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ ان امتحانی سنٹرز پر بیٹھنے کا انتظام،پنکھے،آگاہی بینرز و سٹیمرز،صفائی ستھرائی،موبائل اینڈ بک کو لیکشن سنٹرز، پارکنگ، لیٹرین، جنریٹر اور دیگر متعلقہ انتظامات ہفتہ تک مکمل کر دے گی۔ڈی سی او لا ہور نے پو لیس حکام کو ہدایت کی کہ ان امتحانی مراکز پر سخت سکیورٹی کے انتظامات کیے جائیں۔