گورنمنٹ اسلامیہ ہائی سکول بھاٹی کوحکومت کے حوالے کرنے کے خلاف مظاہرہ

لاہور( خبر نگار ) گورنمنٹ اسلامیہ سکول بھاٹی گیٹ کو این جی اوز سے لے کر حکومت کی سرپرستی میں دئیے جانے کے خلاف سکول میں زیر تعلیم بچوں کے والدین نے سخت احتجاجی مظاہرہ کیا۔ والدین نے کہا کہ گزشتہ13برس سے سکول کو این جی اوز چلارہی ہیں اور سکول ہذا میں زیر تعلیم بچوں کے نتائج دیگر سرکاری سکولوں میں زیر تعلیم بچوں سے کہیں بہترہے۔ ہمیں نہ تو سکول کو سرکاری سرپرستی میں چلایا جانااور نہ ہی سرکاری سٹاف قابل قبول ہے۔ انہوں نے حکومت پنجاب سے مطالبہ کیا کہ سکول کو واپس این جی اوز کے حوالے کیا جائے اور تاحال بند سکول کو فوری کھولا جائے بچوں کی تعلیم کا حرج ہورہا ہے ۔
سکول میں زیر تعلیم بچوں کے والدین نے کہا ہے کہ بچے ملک وقوم کا مستقبل ہوتے ہیں جنہیں اچھی اور معیاری تعلیم دلوانا نہ صرف والدین بلکہ حکومت وقت کی بھی ذمہ داری میں آتا ہے وزیراعلیٰ پنجاب سے اپیل اور مطالبہ ہے کہ سکول کو فی الفور این جی اوز کے حوالے کرکے کھول دیا جائے۔