محکمہ تعلیم سکولز پنجاب اور لاہور کے ایجوکیشن دفاتر کا نظام درست کرنے کا مطالبہ


لاہور(خبرنگار) پنجاب ٹیچرز یُونین پنجاب کے مرکزی سیکریٹری جنرل چوہدری تاج حیدر،چیف آرگنائیزر اللہ رکھا گُجر،منیر سندھو،رائے غلام مُصطفٰی ریاض، مرزا طارق،میڈم سعیدہ اقبال سمیت دیگر راہنماؤں نے کہا ہے کہ محکمہ تعلیم سکولز پنجاب بالخصوص لاہور کے ایجوکیشن دفاتر میں کرپٹ مافیا نے نیچلی سطح کے افسران سے لے کر سیکریٹریٹ میں بیٹھے ہوئے بڑے بڑے بیوروکریٹس سے مل کر کر پشن کا ایسا بازار گرم کر رکھا ہے کہ کسی بھی مرد یا خاتون ٹیچر کا جائز کام بھی بھاری رشوت دیئے بغیر نہیں ہوتا۔کاموں کی غرض سے آنے والے مردوخواتین اساتذہ کو بے عزت کیا جاتا ہے ۔حکومت پنجاب کی طرف سے لاہور میں تعینات کیے گئے نہایت ہی ایماندار ای ڈی او ایجوکیشن بھی اس مافیاکے سامنے بے بس نظر آتے ہیں۔ہم وزیر اعلٰی پنجاب،چیف سیکریٹری پنجاب اور سیکریٹری سکولز پنجاب سے پُر زور مطالبہ کرتے ہیں کہ محکمہ تعلیم سکولز پنجاب بالخصوص لاہور کے ایجوکیشن دفاتر سے کلرکوں اور آفسران کی شکل میں ڈیرے ڈالے ہوئے کرپٹ مافیا کو فی الفور ختم کیا جائے ۔ ان کے اثاثوں کی چھان بین کر کے ضابطہ کی کاروائی عمل میں لا کر اس مافیا کو سب کے سامنے نشان عبرت بنایا جائے۔

مردو خواتین اساتذہ کے کاموں کے لیئے ایسا طریقہ وضع کیا جائے کہ انہیں اپنے کاموں کے لیئے دفاتر میں نہ آنا پڑے بلکہ ان کے مسائل حل کر کے ان سکولوں یا ان کے گھروں کے پتہ پر ارسال کیئے جائیں۔