لاہور(اپنے نمائندے سے) وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف کی ہدائت پرشروع کیا گیا کمپیوٹرائزڈ اشٹام پیپر کا منصوبہ تکمیل کے آخری مراحل میں ہے اور چار ماہ میں اب تک 25اضلاع میں ایک ہزار روپے سے زائد مالیت کا نان جوڈیشل اشٹام پیپر سرکاری خزانے کی بجائے پنجاب بینک سے مل رہا ہے جبکہ اسی ہفتے ساتویں ڈویژن ڈیرہ غازی خان میں بھی ای اشٹام پیپر کا اجرا ء مکمل ہو جائے گا۔ان خیالات کا اظہار چیئرمین پنجاب آئی ٹی بورڈ ڈاکٹر عمر سیف نے گذشتہ روز ارفع ٹاور میں منعقدہ ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں منصوبے کے سربراہ ڈائریکٹر جنرل ای گورننس ساجد لطیف نے بریفنگ دی۔ ڈاکٹر عمر سیف نے کہا کہ اس وقت پنجاب کے چھ ڈویژنوں کی108تحصیلوں میں واقع پنجاب بینک کی283برانچیں یہ سہولت فراہم کرر ہی ہیں اور اب تک پنجاب کے سرکاری خزانے میں3ارب روپے اس مد میں وصول ہو چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آئندہ دو ہفتوں کے دوران باقی رہ جانے والے سرگودھا اور ساہیوال ڈویژن میں بھی ای۔اشٹام پیپر کا اجرا ء شروع ہو جائے گا اور اس طرح صوبہ بھر کے عوام اس سہولت سے مستفید ہو رہے ہوں گے۔ڈاکٹر عمر سیف نے ا س امر پر خوشی کا اظہار کیا ملک بھر میں پنجاب پہلا صوبہ ہے جس نے اپنے عوام کو فراڈ اور جعل سازی سے بچانے کے لئے ٹیکنالوجی کا موثر استعمال کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں شفافیت اور گڈ گورننس کے فروغ کے لئے یہ ایک ٹھوس اقدام ہے جس سے جعلی اشٹام پیپر کی طباعت اور خرید و فروخت کا خاتمہ ہو گیا ہے اور گذشتہ برسوں کے مقابلے میں صوبائی موصولیوں میں کئی گنا اضافہ ہوا ہے۔ڈی جی ساجد لطیف نے بتایا کہ ڈیرہ غازی خان ڈویژن کے ضلع لیہ میں منگل سے پنجاب بینک کے عملے اور متعلقہ افراد کی تربیت کا آغاز ہو رہا ہے۔5اکتوبر کو راجن پور و ڈی جی خان جبکہ6اکتوبر کو مظفر گڑھ سے ای۔اشٹام پیپر کااجرا ء ہو گا۔انہوں نے کہا کہ17تا18اکتوبر سرگودھا ڈویژن اور24تا25اکتوبر ساہیوال ڈویژن میں ای اشٹام پیپر کا اجرا ء ہو گا۔ انہوں نے واضح کیا ہے کہ اس کے بعد صوبہ بھر میں ایک ہزار روپے سے زائد مالیت کے غیر عدالتی اشٹام پیپر صرف پنجاب بینک سے ملیں گے اور عام اشٹام پیپر قابل قبول نہ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی دشواری یا معلومات کے حصول کے لئے شہری ای۔اشٹام پیپر کی ہیلپ لائن 0800-08100پر مفت کال کر سکتے ہیں۔