پنجاب بھر کی نمائندہ اساتذہ تنظیموں کا مسائل کو فوری حل کرنے کامطالبہ


لاہور(خبرنگار)پنجاب بھر کی نمائندہ اساتذہ تنظیموں نے اساتذہ کے درپیش مسائل کو فوری حل کرنے کامطالبہ کیا ہے۔ یہ بات پنجاب سبجیکٹ سپیشلسٹ ایسوسی ایشن کے صدر رانا عطاء محمد‘ پنجاب ٹیچرز الائنس کے صدر چوہدری ظفر جمیل اور پنجاب پرائمری اینڈ ایلیمنٹری ٹیچرز ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری چوہدری ظفر اقبال نے اپنے ایک اخباری بیان میں کہی۔ انہوں نے کہاکہ اگر حکومت نے اساتذہ کے مسائل کو فوری حل نہ کیا تو وہ احتجاج جیسے انتہائی اقدام اٹھانے پرمجبور ہوجائیں گے۔ رانا عطاء محمد نے کہاکہ اساتذہ تنظیمیں حکومت کے ساتھ ہر طرح سے تعاون کر رہی ہیں لیکن ان کے درپیش مسائل کو حل نہیں کیا جارہاہے جس کی وجہ سے اساتذہ میں بے چینی واضطراب پھیل رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اساتذہ کے درپیش مسائل کو حل کئے بغیر شرح خواندگی میں اضافہ ممکن نہیں ہے۔

رانا عطاء محمد نے کہاکہ حکومت بالخصوص محکمہ تعلیم کے ارباب اختیار اساتذہ کے درپیش مسائل کو حل کرنے کیلئے ان سے مذاکرات کا سلسلہ شروع کرے۔ آخر میں انہوں نے حکومت کو خبردار کیا کہ اگر انہوں نے درپیش مسائل کے حل کی جانب کوئی توجہ نہ دی تو اساتذہ حکومت کو چلنے نہیں دیں گے۔