لاہور (خبر نگار خصوصی) چائلڈ پروٹیکشن بیورو کی ریسکیو ٹیم نے تشدد کا شکار 4سالہ بچے کو تحویل میں لے لیا۔ یہ بچہ ایک شہری کو زخمی اور لاوارث حالت میں ملا جس نے بچے کو رائیونڈ پولیس سٹیشن کے حوالے کیا۔پولیس کی جانب سے چائلڈ ہیلپ لائن1121پر دی گئی اطلاع پر بیور وکی ریسکیو ٹیم نے بچے کو تحویل میں لے لیا۔ بچے کے سر اور جسم کے دیگر حصوں پر شدید تشدد کیا گیااور پاؤں بھی جلائے گئے۔ بچے کو تحویل میں لینے کے بعد بچے کو علاج معالجہ کیلئے ہسپتال میں داخل کروادیاگیا ہے۔
مزید برآں بیورو کی جانب سے نامعلوم افراد کے خلاف بچے پر تشدد کرنے پر ایف آئی آر بھی کروائی جارہی ہے۔ اس کے علاوہ بچے کا میڈیکل کروایا جا رہا ہے۔بچے کے جسم پر شدید تشدد کے نشانات ہیں۔بچے کو ہسپتال میں منتقل کر دیا گیا جہاں چائلڈ پروٹیکشن بیورو کی جانب سے اس کا مکمل علاج معالجہ کرایا جائے گااور اس بچے کو مکمل تحفظ اور سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ اس کے علاوہ اس بچے کی نفسیاتی کونسلنگ بھی کی جائے گی اور بچے کی حالت بہتر ہونے پر بچے سے معلومات حاصل کرنے کے بعد اس کے والدین کو تلاش کیا جائے گا۔