پنجاب ٹیچرز یونین کا حکومت کیخلاف تحریک چلانے کا اعلان، یونائیٹڈ گروپ کا یوٹرن

ملتان ( سٹاف رپورٹر )’’چلو پھر دیکھ لیتے ہیں ‘‘یونائیٹڈ ٹیچرز یونین نے ایک بار پھر یوٹرن لے لیا ۔ آج لاہور میں سول سیکرٹریٹ کے سامنے دھرنے اور مظاہرے کا پروگرام موخر کر دیا ۔یونائیٹڈ ٹیچرز کونسل نے اساتذہ کے سکیل اپ گریڈیشن ‘سزاؤں‘ انکوائریوں اور دیگر مسائل کے حل کے لئے پہلے 27جولائی کو لاہور میں سول سیکرٹریٹ کے باہر دھرنا دینے اور مظاہرہ کرنے کا اعلان کیا مگر پھر احتجاجی پروگرام 10اگست تک ملتوی کرنے کا اعلان کر دیا ۔ گزشتہ (بقیہ نمبر33صفحہ12پر )
روز پھر یونائیٹڈ ٹیچرز کونسل نے آج10اگست کا دھرنا اور مظاہرہ موخر کرنے کا اعلان کردیا ہے دریں اثناء محکمہ تعلیم سکولز پنجاب نے صوبے بھر کے چیف ایگزیکٹو آفیسرز ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹیز کو اساتذہ کے پرموشن ‘ سکیل اپ گریڈیشن اور موو اوور کے کیسز فوری طور پرنمٹانے کا حکم دے دیا ہے ۔ اس حوالے سے سیکرٹری تعلیم سکولز پنجاب اللہ بخش ملک کی طرف سے صوبے کے تمام اضلاع کے سی ای اوز کو جاری کردہ لیٹر میں کہا گیا ہے کہ اساتذہ کے تمام زیر التوا سکیل اپ گریڈیشن ‘ پرموشن ‘ موواوور اور دیگر کیسز کا فوری طور پر جائزہ لیاجائے اور نمٹایا جائے ،دوسری طرف محکمہ تعلیم سکولز نے سیکنڈری سکول ایجوکیٹرز( ایس ایس ای )اور سینئر ایلمنٹری سکول ایجوکیٹرز ( ایس ای ایس ای) کو تقررنامے جاری کر دئیے ہیں اور متوقع کامیاب امیدواروں کی ٹریننگ شروع کر ا دی گئی ہے ۔پنجاب ٹیچرز یونین نے حکومت کے خلاف تحریک چلانے کا فیصلہ کرلیا ۔کل مرکزی قیادت ملتان آئے گی ۔ اس حوالے سے پنجاب ٹیچرز یونین کے صوبائی سینئر نائب صدر رانا الطاف حسین نے کہا ہے کہ حکومت اساتذہ تنظیموں کے ساتھ وعدے کرکے بعد میں مکر جاتی ہے ۔ اس صورتحال سے اساتذہ پریشان ہیں ۔اس حوالے سے احتجاجی لائحہ عمل طے کرنے کے لئے پنجاب ٹیچرز یونین کے مرکزی چیئرمین سجاد اکبر کاظمی اور جنرل سیکرٹری رانا لیاقت کل11اگست بروز جمعۃالمبارک ملتان آئیں گے ۔واضح رہے کہ پنجاب ٹیچرز یونین نے اس وقت حکومت کے خلاف احتجاجی تحریک چلانے کا اعلان کیا ہے جب یونائیٹڈ ٹیچرز کونسل نے لاہور کا دھرنااور مظاہرہ موخر کرنے کا اعلان کیا ہے ۔