باچاخان یونیورسٹی پر دہشتگردوں کے حملہ کے باوجود تدریسی عمل مین کوئی خلل نہیں آیا ، ماروی میمن

 چارسدہ (بیورورپورٹ)وفاقی وزیر مملکت اور چیئر پرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام ماروی میمن نے کہا ہے کہ دہشت گردی پوری قوم کی جنگ ہے اس پر کوئی سیاست نہیں ہونی چاہئے ۔ باچا خان یونیورسٹی پر حملے کے باوجود چارسدہ میں تعلیمی سرگرمیوں میں کمی نہیں آئی جو بڑی خوش آئند بات ہے ۔ ایک خوشخال پر آمن اور تعلیم یافتہ پاکستان وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کا وژن ہے ۔وسیلہ تعلیم پروگرام پاکستان کے 32 اضلاع میں جاری ہے جس سے 10لاکھ بچے مستفید ہو رہے ہیں۔ وہ چارسدہ میں وسیلہ تعلیم اور وسیلہ روزگار پروگرام کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہی تھی ۔اس موقع پر ماروی میمن نے بچوں میں تدریسی مواد اور سٹیشنری بھی تقسیم کیا۔تقریب سے خطاب کر تے ہوئے ماروی میمن نے کہا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں وسیلہ تعلیم پروگرام کے تحت ملک بھر سے 10لاکھ بچے مفت تعلیم حاصل کر رہے ہیں جن میں 80ہزار بچوں کا تعلق ضلع چارسدہ سے ہے ۔ پورے پاکستان میں 22ہزار بچوں نے پرائمری سکول سے گریجویشن کیا جن میں5ہزار بچوں کا تعلق ضلع چارسدہ سے ہے ۔اگلے مرحلے میں اس پروگرام کے تحت دستکاری سنٹرز اور بلا سود قرضوں کی فراہمی زیر غور ہے ۔ انہوں نے اس امر پر خوشی کا اظہا رکیا کہ باچا خان یونیورسٹی پر دہشت گردوں کے حملے کے باوجود چارسدہ میں تعلیمی سرگرمیاں عروج پر ہیں جو بڑی خوش آئند بات ہے ۔چارسدہ کی خواتین بھی تعلیمی میدان میں کسی سے کم نہیں ۔ ماروی میمن نے کہا کہ باچا خان یونیورسٹی پر حملے کے بعد وہ خود بھی اور چار وفاقی وزراء باچا خان یونیورسٹی آئے تھے اور زخمیوں کی بیمار پرسی کیلئے ہسپتال بھی گئے تھے ۔ انہوں نے مقامی ہنر مند خواتین کے کاوشوں کو سراہتے ہوئے ہدایت کی کہ وہ اپنے دستکاری اور فن پارے مقامی بی آئی ایس پی کے دفتر میں جمع کرائیں تاکہ ملکی اور بین الاقوامی سطح پر ان کے پراڈکٹس کو ان کیلئے روزگار کا وسیلہ بنا یا جا سکے ۔ ماروی میمن نے چارسدہ کی گڑ ، چپل ،مٹھائی اور چاول کی پراڈکٹس کو ملکی اور بین الاقوامی مارکیٹ تک پہنچانے کا اعلان کیا اور کہا کہ چارسدہ کے لوگوں کی معیشت بہتر بنانے کیلئے وفاقی حکومت بھر پور کوشش کر رہی ہے ۔ دہشت گردی کے حوالے سے ماروی میمن نے کہا کہ یہ پوری قوم کی جنگ ہے اور اس پر کوئی سیاست نہیں ہونی چاہئے ۔ ایک خوشخال پر امن اور تعلیم یافتہ پاکستان وزیر اعظم میاں محمد نوازشریف کا وژن ہے۔

چارسدہ (بیورورپورٹ) وفاقی وزیر مملکت ماروی میمن کا دورہ چارسدہ۔وسیلہ تعلیم اور وسیلہ روزگار کے حوالے سے اے این پی کے رہنماء کے حجرے میں تقریب کا انعقاد۔ مسلم لیگ (ن) کی ضلعی قیادت سراپا احتجاج ۔ ماروی میمن سمیت کسی بھی وفاقی وزیر نے آئندہ اس قسم کی حرکت کی تو ہاتھ پاؤں تھوڑ دینگے ۔ ضلعی صدر میاں ہمایون شاہ کا کا خیل۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر مملکت اور بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے چےئرپرسن ماروی میمن نے چارسدہ کا مختصر دورہ کیا اور اس دوران رجڑ میں عوامی نیشنل پارٹی تپہ رجڑ کے صدر اور تحصیل کونسلر طارق باچا کی رہائش گاہ پر وسیلہ تعلیم اور وسیلہ روزگار پرو گرام کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کیا مگر پرو گرام کے حوالے سے مسلم لیگ (ن) کے ضلعی قیادت کو اعتماد میں نہیں لیا گیا اور نہ ان کو اس حوالے سے کوئی اطلاع دی گئی جس کی وجہ سے مسلم لیگ (ن) کے کسی مقامی رہنماء نے تقریب میں شرکت نہیں کی ۔ بعد ازاں مسلم لیگ (ن) ضلع چارسدہ کے صدر میاں ہمایون شاہ کا کا خیل اور نائب صدر رمضان خان نے میڈیا سے بات چیت کر تے ہوئے ماروی میمن پر شدید تنقید کی اور کہا کہ آئندہ کیلئے کسی بھی وفاقی وزیر نے اس قسم کی حرکت کی تو ان کے ہاتھ پاؤں تھوڑ دینگے ۔ انہوں نے اے این پی کے کونسلر کی رہائش گاہ پر وفاقی وزیر مملکت ماروی میمن کی تقریب کے انعقا دپر بھی شدید تحفظات کا اظہار کیا اور کہا کہ اس حوالے سے مرکزی قیادت کو احتجاجی مراسلہ ارسال کیا گیا ہے