صوابی (بیورورپورٹ)سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی اسد قیصرنے صوابی میں گجوخان میڈیکل کالج میں کلاسوں کے اجراء کیلئے کام کی رفتار تیزکرنے کے احکامات جاری کر تے ہوئے گزشتہ تین سال سے مذکورہ کالج کے قیام کے ضمن میں مثبت پیش رفت نہ ہونے پر انتہائی افسوس کا اظہارکیا۔انہوں نے یہ احکامات خیبرپختونخوا اسمبلی کے کانفرنس روم میں اپنی زیر صدارت محکمہ صحت کے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں دیئے اجلاس میں سینئر وزیر برائے صحت شہرام خان ترکئی نے بھی شرکت کی ۔ جبکہ دیگر شرکاء میں سیکرٹری صحت عابد مجید ، ڈائریکٹر جنرل صحت، چیف پلاننگ آفیسر، پرنسپل گجوخان میڈیکل کالج ، ایڈیشنل سیکرٹری صحت، ڈاکٹر اشفاق، پرنسپل بنوں میڈیکل کالج اور دیگر اعلیٰ حکام شامل تھے۔ سپیکر نے کہا کہ جنرل الیکشن میں منتخب ہوتے ہی انہوں نے گجوخان میڈیکل کالج کے لئے فنڈز کی منظوری لی تاکہ جلد از جلد اس کا قیام ممکن ہوسکے لیکن انہوں نے اس امر پر انتہائی افسوس کا اظہار کیا کہ ان کی محنت اور کاؤشوں کو عملی شکل دینے میں عرصہ دراز صرف کردیا گیا اور کالج کا قیام تاحال التواء کا شکار ہے سپیکر اور سینئر وزیر شہرام خان ترکئی نے کالج کی پرنسپل ڈاکٹر اقبال بیگم کو ہدایت کی کہ وہ ہفتہ میں زیادہ سے زیادہ وقت میڈیکل کالج صوابی میں گزاریں تاکہ کالج کے قیام کے سلسلے میں حائل رکاوٹوں کو دورکرنے کو ممکن بنایاجاسکے ۔ انہوں نے نئے تعینات ہونے والے سیکرٹری صحت عابد مجید کو احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ مذکورہ پراجیکٹ کی تکمیل اور پی ایم ڈی سی سے منظوری لینے کے لئے جنگی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں تاکہ صوابی کے طلبہ پر طبی تعلیمی سہولیات کے دروازے کھل سکیں ۔سیکرٹری صحت نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ کالج کے قیام میں تیزی لانے کے لئے ایم ۔ٹی ۔آئی نوٹیفکیشن کو معطل کیا جائے گا تاکہ کالج کے قیام میں حائل رکاوٹوں کو دور کرکے اس کو جلد از جلد پایہ تکمیل تک پہنچایا جاسکے۔ اجلاس کے دوران سینئروزیر صحت شہرام خان نے سرکاری حکام کو ہدایت کی کہ وہ کالج کی خریداری کے معاملات کو جلد از جلد نمٹائیں لیکن اس عمل کے دوران کپرا رولز کی سختی سے پابندی کی جائے اجلاس میں کالج کے لئے ٹیچنگ اسٹاف کی بھرتی کے عمل کو بھی جلدازجلد مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ۔ سپیکر نے کالج کی پرنسپل کو ہدایت کی کہ وہ اپنی ضروریات سے متعلق جلد از جلد انہیں اور سینئر وزیر صحت شہرام خان ترکئی کو آگاہ کریں تاکہ ان کو جلداز جلد پورا کیا جاسکے ۔ اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری صحت مہتصم اور سپیشل سیکرٹری ٹو سپیکروقار شاہ کو فوکل پرسنز مقرر کیا گیا جن کے فرائض میں اجلاس کے دوران ہونے والے منصوبوں پر متعلقہ محکموں سے عمل درآمد کرانا شامل ہے # (صوابی کوڈ نمبر1959)
You are subscribed Successfully