پشاور( پاکستان نیوز)صوبائی وزیر ابتدائی وثانوی تعلیم محمد عاطف خان نے کہا ہے کہ حکومت خیبرپختونخوا نے سکول منیجمنٹ انفارمیشن سسٹم(ایس ایم آئی ایس)کے ذریعے حکومت ،والدین ،طلبا،ریسرچرز اوردیگر متعلقہ افرادکی سرکاری سکولوں سے متعلق معلومات تک رسائی یقینی بنادی ہے اور اب والدین گھربیٹھے اپنے بچوں جبکہ حکومت کے عہدیداران اپنے دفاتر سے سکولوں میں اساتذہ اورطلباء کی حاضری اوردیگر سہولیات کے بارے میں سنگل کلک کے ذریعے معلومات حاصل کرسکیں گے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے بدھ کے روز لیڈی گرفتھ گرلز ہائیر سکنڈری سکول پشاور میں ایس ایم آئی ایس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں دوسروں کے علاوہ ایڈیشنل سیکرٹری تعلیم قیصر عالم اورڈائریکٹر سکولزرفیق خٹک بھی موجود تھے۔ اس موقع پر صوبائی وزیر کو متعارف کردہ نئے سسٹم کے خدوخال اوراہمیت کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ پہلے مرحلے میں صوبے کے 400 سکولوں کو اس سسٹم سے منسلک کیاجائے گاجبکہ اس کادائرکاربتدریج 28 ہزار سکولوں تک بڑھایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس سسٹم کا مقصدسکولوں کی منیجمنٹ میں بہتری لانا اورٹرانسپرنسی اوراکاؤنٹیبلٹی کو فروغ دینا ہے ۔انہوں نے کہا کہ سرکاری سکولوں کو ہرلحاظ سے مثالی بنانا ان کامشن ہے اور اس کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ سرکاری سکولوں میں انگلش کومیڈیم آف انسٹرکشن بنانے کے لئے 83 ہزاراساتذہ تربیت دینے کاپروگرام ہے اور اس سلسلے میں بہت جلد برٹش کونسل کے ساتھ معاہدہ کیاجائے گا۔ عاطف خان نے کہا کہ 28 ہزار سکولوں بیک وقت بہتر نہیں کیا جاسکتا تاہم اب بھی 15 ہزار سے زیادہ سکولوں کی بہتری پر کام ہورہاہے ۔انہوں نے کہا کہ سرکاری سکولوں کی بہتری کے لئے ہم نے اب بھی بہت کچھ کرنا ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ سرکاری سکولوں میں سزا وجزا کا نظام متعارف کرایاگیااور گزشتہ تین سالوں میں ہزاروں اساتذہ کو بہتری کارکردگی پر کروڑوں روپے کے کیش انعامات دیے ہیں جبکہ بری کارکردگی پر 8 ہزار اساتذہ کے خلاف کاروائی کی گئی اوریہ سلسلہ یہاں روکے گا نہیں بلکہ آئندہ بھی جاری رہے گااورحسب وعدہ عالمی معیار کے سرکاری سکول بناکر دم لیں گے۔