پشاور( پاکستان نیوز)خیبر پختونخوا کے وزیر ابتدائی و ثانوی تعلیم محمد عاطف خان نے کہا ہے کہ مردان میں ایکول فاطمہ الفحری ماڈل سکول ، سپورٹس سٹیدیم اور12 سپورٹس جمنازیم کی تعمیر کی منظوری دے دی گئی ہے اورمتعلقہ حکام کوان منصوبوں کے ماسٹرپلان کو فوری طورپر حتمی شکل دینے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ ان منصوبوں کوایک سال کی مقررہ مدت میں مکمل کیا جاسکے ۔انہوں نے متعلقہ حکام پر واضح کیاہے کہ ان منصوبوں کی مدت تکمیل پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا اورانہیں ہر حال میں ایک سال کی مدت میں مکمل کرنا ہے ۔یہ ہدایات انہوں نے بدھ کے روز پشاور میں مجوزہ ایکول فاطمہ الفحری ماڈل سکول مردان ،مردان سپورٹس سٹیڈیم اور12 سپورٹس جمنازیم کی تعمیرسے متعلق اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں۔ اجلاس میں دوسروں کے علاوہ سیکرٹری ابتدائی تعلیم محمد شہزاد بنگش ،سپیشل سیکرٹری تعلیم قیصر عالم، ایڈیشنل سیکرٹری تعلیم شاہد سہیل ،چیف پلاننگ آفیسرادریس خان ، چیئرمین مردان بورڈ، ایکسین سی اینڈ ڈبلیو مردان اور ڈی ای او فی میل مردان نے بھی شرکت کی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ مذکورہ سکول کو تقریبا 22کروڑ روپے جبکہ سپورٹس سٹیڈیم اور 12 جمنازیم کو30 ، 30 کروڑ روپے کی لاگت سے ایک سال کی ریکارڈ مد میں مکمل کیا جائے گا ۔ سکول سینئر گرلز سیکش، جونیئر گرلز سیکشن ،گرلز ہاسٹل ،امتحانی ہال،کیفے ٹیریا،پرنسپل کی رہائش گاہ اورگارڈ روم جبکہ سپورٹس سٹیڈیم اورجمنازیم تمام جدید سہولیات سے آراستہ ہوں گے۔ اجلاس میں مردان میں محکمہ مواصلات و تعمیرات کے زیر اہتمام مردان کی خوبصورتی اور سڑکوں کی کشادگی کے منصوبے بھی زیر غورآئے اور کئی اہم فیصلے کئے گئے ۔صوبائی وزیر نے متعلقہ حکام پر واضح کیا کہ اگر معیار کے مطابق بروقت کام مکمل نہ ہوسکا تو متعلقہ سرکاری حکام اورٹھیکیدارکے خلاف کارروائی ہوگی۔انہوں نے کہا کہ مردان کو ہر لحاظ سے ماڈل ضلع بنانے کا عزم کررکھا ہے اور مردان کی خوبصورتی اور وہاں کے عوام کو مواصلات کی بہترسہولیات فراہم کرنے کیلئے ضلع بھر کی سڑکوں کو کشادہ کرنے کا پروگرام ہے اور اس کے لئے ایک جامع پلان وضع کیا جارہا ہے۔