سندھ حکومت نے سکولوں کو فیسوں میں دس فیصد اضافے کی اجازت دیدی

کراچی (خصوصی رپورٹ) محکمہ تعلیم سندھ نے تمام نجی سکولوں کو رواں تعلیمی سال میں ماہ مئی سے فیسوں میں دس فیصد اضافے کی اجازت دیتے ہوئے زائد وصول کی جانے والی فیس سکول انتظامیہ کی طرف سے والدین کو واپس کرنے کا حکم دے دیا۔وزیر تعلیم نثار احمد کھوڑو کی صدارت میں نجی سکولوں کے فیسوں کے حوالے سے اجلاس ہوا جس میں پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشن کے عہدیداروں اور سکولوں کی انتظامیہ کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں سیکرٹری تعلیم فضل اللہ موجود نہیں تھے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تمام نجی سکول رواں تعلیمی سیشن مئی سے اب تک کی وصول ہونے والی اضافی فیس والدین کو واپس کریں گیتاہم تمام نجی سکول فیس میں دس فیصد اضافے سے قبل محکمہ تعلیم سے تحریری اجازت لیں گے اور خلاف ورزی کرنے والے سکولوں کی رجسٹریشن منسوخ کی جائے گی