لاہور (کامرس رپورٹر)پاکستان کے دورہ پر آئے ہوئے ترکی فارما سیکٹر کے نمائندوں نے پاکستان میں سرمایہ کاری کو محفوظ اور صنعتی انفراسٹرکچر کو انٹرنیشنل سٹینڈرڈکے مساوی قرار دیاہے ۔وہ پنجاب انڈسٹریل اسٹیٹس ڈویلپمنٹ اینڈمینجمنٹ کمپنی(پیڈمک) کے شعبہ مارکیٹنگ کی طرف سے صوبہ پنجاب میں سرمایہ کاری کیلئے دی گئی بریفنگ کے بعد اظہار خیال کر رہے تھے واضح رہے کہ پیڈمک نے ترکی اور پاکستان کی 41۔ بڑی فارماسیوٹیکل کمپنیوں کے مابین مشترکہ سرمایہ کاری اور مختلف انڈسٹریل اسٹیٹس میں نئے کارخانے لگانے کیلئے گزشتہ دو دنوں کے دوران مذاکرات کئے جس میں میڈیکل پراڈکٹس ، میڈیسنز مینوفیکچر رز، ہسپتالوں کے بستر ، میڈیکل سروسز اور ہیلتھ کیر کے علاوہ دیگر شعبوں کے پاکستانی اور ترکی کی کمپنیوں کے سرمایہ کاروں نے پاکستان میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا ۔ مذاکرات پڈمک اور ترکی تعاون فورم کی طرف سے ایکسپو سنٹر میں منعقدہونے والے ایونٹ کے دوران ہو ئے ۔ مذاکرات کے دوران ٹیکنالوجی ٹرانسفر اور دیگر معاملات بھی زیر بحث لائے گئے ۔پیڈمک کے ترجمان نے بتایا ہے کہ ایونٹ کے دوران پیڈمک نے ملٹی نیشنل، مقامی ، ترکی کی کمپنیوں اور ان کے نمائندوں کواپنے پراجیکٹس لگانے کیلئے فراہم کی جانے والی سہولتوں کے بارے میں تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔
اس موقع پر بزنس ٹو بزنس میٹنگز کے دوران کمپنیوں اور ان کے نمائندوں کو سرمایہ کاری کے سلسلہ میں فراہم کئے جانے والے مواقع ، بجلی،گیس اور دیگر انفرا سکٹرکچر کے علاوہ مالیاتی معاملات اور دیگر سہولتوں کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا گیا واضح رہے کہ پیڈمک کے زیر اہتمام پاکستان ڈرگز ٹیسٹنگ اینڈ ریسرچ سنٹر (پی ڈی ٹی آر سی ) مقامی فارماسیوٹیکل انڈسٹری کو ادویہ کی مکمل تجزیہ کاری ، تیار شدہ ادویہ کی ٹیسٹنگ ، پراڈکٹ ڈویلپمنٹ اور عالمی سطح پر تجزیہ کاری کے مساوی سہولتیں فراہم کر رہا ہے جس سے مقامی اور ملٹی نیشنل کمپنیاں یکساں استفادہ کر رہی ہیں قبل ازیں ان فارما کمپنیوں کو ان سہولتوں کے لئے بیرون ملک رجوع کرنا پڑتا تھا ۔