ہیڈپنجند(نامہ نگار) پنجاب سکولز ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کا اساتذہ بھرتی پالیسی میں تبدیلی کا فیصلہ، این ٹی ایس ختم، امتحان محکمہ لے گا، پرائمری سکول ٹیچرز کے لئے کم ازکم تعلیمی معیار ایم اے، گاؤں، یونین کونسل اور ایم فل کے اضافی نمبر نہیں دئیے جائیں گے، تفصیلات کے مطابق پنجاب(بقیہ نمبر41صفحہ12پر )
سکولز ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے اساتذہ کی بھرتی پالیسی تبدیل کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، آئندہ این ٹی ایس ختم جبکہ تحریری امتحان محکمہ خود لے گا اور بھرتی کا سارا عمل بھی خود ہی مکمل کرے گا، تعلیمی ذرائع کے مطابق آئندہ ماہ بیس ہزار اساتذہ کی بھرتیوں کے لئے اشتہار دے دیا جائے گا اور بھرتیوں کے لئے پیشہ ورانہ قابلیت بھی لازمی قرار دی جائے گی، کوئی بھی امیدوار پروفیشنل ڈگری کے بغیر درخواست دینے کا اہل نہیں ہو گا، پرائمری سکول ٹیچرز کے لئے بھی کم ازکم تعلیمی قابلیت ایم اے کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور صرف انہی مضامین میں ایم اے قابل قبول ہوگا جو سکولوں میں پڑھائے جاتے ہیں، ذرائع کا کہنا ہے کہ سکول اساتذہ کی بھرتیوں کے لئے طریقہ کار ومعیار طے کرنے کے حوالے سے بنائی گئی ریکروٹمنٹ کمیٹی کی اعلیٰ سطحی میٹنگ ہوئی جس میں سکولز ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے اعلیٰ افسران اوردیگر سٹیک ہولڈر بھی شامل تھے، مذکورہ میٹنگ میں نئے اساتذہ کی بھرتی کے لئے پالیسی تبدیل کرنے کا فیصلہ کیاگیا اور اب آئندہ بھرتی تبدیل شدہ پالیسی کے مطابق ہی کی جائے گی، گزشتہ بھرتی یونین کونسل و گاؤں کی سطح پر کی گئی تھی ،اب آئندہ بھرتی تحصیل و ڈسٹرکٹ سطح پر کی جائے گی،علاوہ ازیں گزشتہ بھرتی میں گاؤں ، یونین کونسل اور ایم فل کے جو اضافی نمبر دئیے گئے ہیں نئی پالیسی کے مطابق وہ اب نہیں دئیے جائیں گے، اب صرف کم ازکم قابلیت کے نمبر ملیں گے، ذرائع کا کہنا ہے کہ اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسرز کی بھرتی کے لئے پاسنگ نمبر 60جبکہ اساتذہ کے لئے 50فیصد رکھے جائیں گے، میٹنگ میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ آئندہ بھرتی میں لاء، کامرس، جرنلزم وغیرہ میں ایم اے کرنے والوں کو بھرتی نہیں کیا جائے گا۔
بھرتی پالیسی فیصلہ