سعودی عرب مسلم دنیا کا دل ، دنیا بھر سے تعلق رکھنے والے مسلمانوں کی خوشیوں ، دکھوں اور تکالیف کا احساس ہے:شاہ سلمان بن عبد العزیز

سعودی عرب مسلم دنیا کا دل ، دنیا بھر سے تعلق رکھنے والے مسلمانوں کی خوشیوں ، ...
سعودی عرب مسلم دنیا کا دل ، دنیا بھر سے تعلق رکھنے والے مسلمانوں کی خوشیوں ، دکھوں اور تکالیف کا احساس ہے:شاہ سلمان بن عبد العزیز

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

ریاض (محمد  اکرم اسد) خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے کہا ہے کہ سعودی عرب مسلم دنیا کا دل ہے،اس کو دنیا بھر سے تعلق رکھنے والے مسلمانوں کی خوشیوں ، دکھوں اور تکالیف کا احساس ہے،وہ مسلم امہ میں اتحاد ، تعاون اور یک جہتی کے فروغ کے لیے کوشاں ہے اور پوری دنیا میں امن اور سلامتی کا خواہاں ہیں۔


خبر رساں ادارے ’’العربیہ ‘‘ کے مطابق منیٰ میں شاہی دیوان میں فریضہ حج ادا کرنے والے غیر ملکی سربراہان ریاست وحکومت اور خادم الحرمین الشریفین کے شاہی مہمانوں کے اعزاز میں منعقدہ سالانہ استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سعودی عرب کے فرماں روا شاہ سلمان بن عبد العزیز نے حج کا فریضہ ادا کرنے والے تمام معزز مہمانوں اور دنیا بھر سے آئے ہوئے حجاج کرام کو مبارک باد دی۔
انھوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے اس ملک اور اس کے عوام کو الحرمین الشریفین اور حج اور عمرے کے لیے آنے والے زائرین کی خدمت کا اعزاز بخشا ہے، سعودی عرب حجاج کرام کوحج کی ادائیگی کے لیے ہر ممکن سہولتیں مہیا کرنے کی غرض سے تمام انسانی اور مادی وسائل بروئے کار لا رہا ہے۔شاہ سلمان نے کہا کہ ہم الحرمین الشریفین کو ایک مربوط طریقے سے اعلیٰ خدمات مہیا کرنے کے لیے پرعزم ہیں،مسجد الحرام اور مسجد نبوی ﷺ کے تحفظ اور سیکیورٹی کے لیے اقدامات کررہے ہیں ، اس ضمن میں شاہ عبدالعزیز کے دور حکومت سے مسلسل ترقیاتی کاموں اور بھرپور کوششوں کا سلسلہ جاری ہے۔ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے بازو ؤں نے مقدس مقامات کو ان کے تقدس کو ملحوظ رکھے بغیر نقصان پہنچانے کی کوشش کی لیکن سعودی مملکت نے اللہ کی مدد اور اپنے بھائیوں اور دوستوں کے تعاون سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں اور دہشت گردی کے ہر طرح کے ذرائع کا بڑے پختہ عزم کے ساتھ استیصال کیا ہے۔اس موقع پر مسلم ممالک کے سربراہان حکومت و ریاست اور شاہی مہمانوں کی جانب سے اسلامی جمہوریہ موریتانیہ کے وزیر برائے اسلامی امور اور روایتی تعلیم احمد ولد اہل داؤد نے تقریر کی۔انھوں نے اس مرتبہ حج کے لیے بہترین معیاری انتظامات کرنے پر سعودی عرب کے اقدامات کو سراہا۔ انھوں نے سعودی عرب کی جانب سے حجاج کرام کو مناسک کی ادائی کے لیے مہیا کی جانے والی سہولتوں کی بھی تعریف کی ہے۔

استقبالیہ تقریب میں سوڈان کے صدر عمر حسن البشیر ، گیمبیا کے صدر آدما بارو ، کومروس کے صدر عثمان غزالی ، یمن کے نائب صدر علی محسن الاحمر ، مصری وزیراعظم شریف اسماعیل اور مفتیِ اعظم شوقی علام ، عراق کی نمائندگان کونسل ( قومی اسمبلی ) کے اسپیکر سلیم الجبوری ، اردن کے ایوان نمائندگان کے اسپیکر عاطف تراونح ، نائیجیریا کی سینیٹ کے صدر بوکلا سراکی ، نیجر کی قومی اسمبلی کے صدر عیسینی طنی ، موریشس کے نائب وزیراعظم شوکت علی سدھون ، شہزادہ ہاشم بن الحسین ، بنگلہ دیش کے سابق صدرحسین محمد ارشاد ، روسی فیڈریشن کی وفاقی کونسل کی وفاقی اسمبلی کے ڈپٹی چئیرمین الیاس عماخنوف ، افغانستان کی اعلیٰ امن کونسل کے چیئرمین محمد کریم خلیلی ، لبنان کے سابق وزیراعظم نجیب میقاتی اور دوسرے اسلامی ممالک کے سفیر، اعلیٰ عہدے دار اور حکام شریک تھے۔

مزید :

عرب دنیا -