قطر پر پابندیاں برقرار ، عالمی برداری دہشت گردی سے نپٹنے کے لئے ذمہ داری ادا کرے: عرب اتحاد
قاہرہ(ڈیلی پاکستان آن لائن)قطرکا بائیکاٹ کرنے اور دوحہ پر پابندیاں عائد کرنے والے 4ملکی عرب اتحا د کا کہنا ہے کہ قطر پر پابندیاں برقرار رکھی جائیں گی جبکہ دوحہ کی جانب سے دہشت گردوں کی حمایت کرنے والے اقدامات کو کسی بھی صورت میں قبول نہیں کیا جائے گا۔ عالمی برادری کو بھی دہشت گردی سے نمٹنے کی ذمے داری قبول کرنی چاہیے۔
مریم نواز شریف کو سلیوٹ کرنے والی ایس پی ارسلہ سلیم کی خوبروتصاویر بھی سامنے آگئیں
قاہرہ میں عرب اتحاد کے وزرائے خارجہ کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مصری وزیر خارجہ سامح شکری کا کہنا تھا کہ اب صورت حال قطر پر دہشت گردی کا الزام عاید کرنے تک محدود نہیں رہی ہے بلکہ اس کے خلاف ٹھوس ثبوت موجود ہیں اور اس پر ہمارا مﺅقف دوحہ کے پیچیدہ طرز عمل کا نتیجہ ہے۔عرب اتحاد کے ممالک نے قومی سلامتی کو مضبوط بنانے کے لیے اپنے رابطے جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔قطر کے معاملے پر بات چیت جاری رہے گی اور اس سلسلے کا آیندہ اجلاس اب منامہ میں متوقع ہے۔
اس موقع پر سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر نے بھی کہا ہے کہ قطر کے بارے میں مزید تبادلہ خیال جاری رہے گا اور اس کے خلاف مزید اقدامات کا نفاذ مناسب وقت پر کیا جائے گا۔بحرین کے وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ قطر کی حمایت یافتہ اخوان المسلمون کو مصر میں خون ریزی کا ذمے دار ٹھہرایا جانا چاہیے۔ آج کا اجلاس قطر پر رابطے کے لیے تھا اور مطالبات پر اس کے جواب کا جائزہ لینے کے بعد کوئی حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔متحدہ عرب امارات کے وزیرخارجہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ خطے کو دہشت گردی کے حامیوں سے پاک کرنے کے لیے بین الاقوامی کوشش کی ضرورت ہے۔