خادم الحرمین شریفین شاہ سلمان کا1000 فلسطینیوں کیلئے خصوصی حج کا اہتمام

عرب دنیا

ریاض(آن لائن)خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی خصوصی ہدایت پر فلسطینیوں کے ساتھ جذبہ خیرسگالی کے تحت فلسطینی شہداء اور اسیران کے ایک ہزار لواحقین حج کے لیے انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔ عرب خبررساں ادارے کو خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان کے خصوصی حج پروگرام کے سیکرٹری جنرل عبداللہ المدلج نے بتایا کہ حکومت نے 1438ھ کے موسم حج کے موقع پر ایک ہزار فلسطینی شہداء اسیران کے اہل خانہ کو فریضہ حج ادا کرانے کا اہتمام کیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ حسب روایت فلسطینی شہداء اور اسیران کے ایک ہزار اہل خانہ کے لیے 1438ھ کے حج کے موقع پر سرکاری اخراجات پر حج کااہتمام کریں۔عبداللہ المدلج کا کہنا تھا کہ خادم الحرمین کی طرف سے خصوصی حج اسکیم شروع کیے جانے کے بعد اب تک 15000 فلسطینی سعودی عرب کی میزبانی میں فریضہ حج ادا کرچکے ہیں۔ شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کی طرف سے حج امور کے ذمہ داران کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ فلسطینی شہداء اور اسیران کے اہل خانہ کو ہرممکن سہولت فراہم کریں۔ ان کے لیے بہترین رہائش ، ٹرانسپورٹ اور دیگر سہولیات مہیا کی جائیں۔ فریضہ حج کی ادائی کے ساتھ ساتھ روضہ رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی زیارت کا بھی خصوصی اہتمام کیا جائے۔