متحدہ عرب امارات نے پاکستانی بچوں کے لئے سب سے بہترین تحفہ پاکستان پہنچادیا
دبئی سٹی (مانیٹرنگ ڈیسک) پولیو جیسی موذی بیماری سے نجات حاصل کرنے میں متحدہ عرب امارات نے جس طرح پاکستان کی مدد کی ہے، اسے ایک برادر اسلامی ملک کے خلوص اور محبت کی اعلٰی ترین مثال قرار دیا جا سکتا ہے۔
ویب سائٹ ایمریٹس 247کے مطابق متحدہ عرب امارات نے انسداد پولیو مہم کے تحت 2014ءسے لے کر ستمبر 2017ءتک پاکستان کے چار کروڑ 30لاکھ بچوں کیلئے پولیو ویکسین کے 21کروڑ 90لاکھ یونٹ فراہم کئے ہیں۔ ’یو اے ای پاکستان امدادی پروگرام‘ متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ خلیفہ بن زائد النہیان، ابوظہبی کے کراﺅن پرنس و یو اے ای آرمڈ فورسز کے ڈپٹی سپریم کمانڈر شیخ محمد بن زائد النہیان کی ہدایات پر شروع کیا گیا تھا۔ پاکستان کو پولیو ویکسین کی بھاری مقدار کی فراہمی متحدہ عرب امارات کی جانب سے دنیا بھر سے پولیو کے خاتمے کے اقدامات کی کوششوں کا حصہ ہے۔
عجمان کے حکمران نے 2 بچوں کو گود لے لیا، یہ کون ہیں؟ جان کر آپ بھی اس اقدام کی تعریف کئے بغیر نہ رہ پائیں گے
انٹرنیشنل ہیلتھ فورم کے زیر سایہ منعقد ہونے والی ایک تقریب کے دوران صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے یو اے ای پاکستان امدادی پروگرام کے ڈائریکٹر عبداللہ خلیفہ الغافلی کا کہنا تھا کہ 2017ءکے پہلے 9ماہ میں پولیو ویکسین کے 6 کروڑ 70لاکھ 713 یونٹ فراہم کئے گئے ہیں۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ مستقبل میں پولیو ویکسین کے مزید یونٹوں کی فراہمی کا سلسلہ جاری رہے گا۔ عبداللہ خلیفہ نے اس موقع پر دنیا بھر سے پولیو کے انسداد کے لئے بل اینڈ ملنڈا گیٹس فاﺅنڈیشن اور شیخ محمد بن زائد کے اقدامات کی بھی تعریف کی۔
متحدہ عرب امارات کے تعاون سے پاکستان کے مختلف علاقوں میں انسداد پولیو کی مہم جاری ہے جس میں 87ہزار سے زائد کارکن، ڈاکٹر اور نرسیں جبکہ 25000 سے زائد سیفٹی و سکیورٹی اہلکار اور مینجمنٹ و کوارڈی نیشن اہلکار حصہ لے رہے ہیں۔