قطری شہزادی ، انجلینا جولی اور اہرام مصر۔۔۔ ایسی خبر آگئی کہ مسلم دنیا میں تہلکہ برپا ہو گیا کیونکہ۔۔۔
قاہرہ (نیوز ڈیسک)اہرام مصر دنیا بھر میں مشہور ہیں اور مصری قوم انہیں اپنا فخر قرار دیتی ہے، لیکن قطر کی ایک شہزادی کی سوڈانی اہرام کے ساتھ تصاویر اور عنقریب ہالی وڈ سپر سٹار انجلینا جولی کے متوقع دورہ اہرام سوڈان نے مصری اہرام کے مستقبل کے بارے میں کچھ ایسے سوالات کھڑے کر دئیے ہیں کہ جن پر اہل مصر سخت برہم ہیں۔
برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق مارچ میں قطر کی شہزادی شیخہ موضہ بنت ناصر سوڈان کے دورے پر گئیں اور انہوں نے وہاں دو تاریخی اہرام کے پاس اپنی تصاویر بھی بنوائیں۔ انہوں نے سوڈان کے علاقے البجراویہ میں واقع اہرام کے ساتھ اپنی تصاویر بنوائی تھیں۔ عرب سوشل میڈیا پر یہ تصاویر خوب گردش میں رہیں۔ سوڈانی شہریوں نے بھی شہزادی کے دورے کو ایک اہم پیش رفت قرار دیا اور یہ بات مشہور ہو گئی کہ عنقریب ہالی ووڈ سٹار انجلینا جولی بھی سوڈان کے دورے پر آئیں گی۔ اس دورے کا مقصد کا یہ بتایا گیا کہ وہ سوڈان کی تاریخ کے بارے میں فلم بنانا چاہتی ہیں ، جس میں خاص طور پر سوڈان کے اہرام کا ذکر کیا جائے گا۔ بس یہ خبر جونہی مصر پہنچی تو ایک ہنگامہ کھڑا ہو گیا۔
مصری شہری اس بات پر طیش میں آگئے کہ کوئی اور ملک اہرام رکھنے اور انہیں دنیا کے سامنے پیش کرنے کا تصور بھی کیسے کر سکتا ہے۔ مصریوں کا کہنا ہے کہ ان کے پاس دنیا کے بلند ترین اہرام ہیں جبکہ دوسری جانب سوڈانی شہری بھی کچھ ایسا ہی دعویٰ کرنے لگے ہیں۔ اب دونوں کے درمیان اپنے اہرام کی بلندی اور تعداد پر بھی جھگڑا کھڑا ہو گیا ہے اور سوشل میڈیا پر دونوں ممالک کے شہری ایک دوسرے پر تنقید اور طنز کے تیر برسا رہے ہیں۔
سوڈانیوں کا یہ بھی کہنا ہے کہ ان کے پاس دنیا میں سب سے زیادہ اہرام ہیں جن کی تعداد 230 ہے۔ انہوں نے یہ بھی دعویٰ کر دیا ہے کہ انسانی تہذیب کا آغاز سوڈان سے ہوا جبکہ مصریوںکا کہنا ہے کہ ان کی تہذیب 7ہزار سال پرانی ہے اور وہیں سے انسانی تہذیب کا آغاز ہوا ۔سوڈانی شہریوں کا کہنا ہے کہ ان کے اہرام ہمسایہ ملک مصر کے اہرام سے دو ہزار سال پرانے ہیں۔
قطر نے سوڈان میں آثار قدیمہ کے مختلف مقامات کے تحفظ اور سیاحتی مقاصد کیلئے دنیا میں ان کی تشہیر کیلئے ساڑھے 13 کروڑ ڈالر (تقریباً ساڑھے 13 ارب پاکستانی روپے ) سرمایہ کاری کا عندیہ بھی دیا ہے۔ اہل مصر اس بات پر خوش نہیں ہیں کہ قطر سوڈان میں سیاحت کو فروغ دینا چاہتا ہے کیونکہ اس کی وجہ سے ان کا اپنا سیاحتی شعبہ متاثر ہو گا ، جو پہلے ہی مسائل کا شکار ہے ۔
واضح رہے کہ اس سے پہلے سوڈان اور مصر کے درمیان دریائے نیل کے پانی ، لیبیا کے حالات ، خلیجی ممالک کے ساتھ تعلقات اور دہشتگردی کے حوالے سے بھی جھگڑے چل رہے ہیں، لیکن اہرام کا جھگڑا باقی سب جھگڑوں سے آگے نکل گیا ہے ۔