سعودی عرب نے ایک لاکھ سے زائد لوگوں کو حج سے روک دیا، آخر کیوں؟ وجہ ایسی کہ جان کر آپ بھی کہیں گے ’ٹھیک کیا‘
جدہ (مانیٹرنگ ڈیسک) لوگ اپنے گناہوں کی معافی اور پاکیزہ نئی زندگی شروع کرنے کی نیت سے حج بیت اللہ کا قصد کرتے ہیں لیکن افسوس کے کچھ لوگ اس مقدس سفر پر جاتے ہوئے بھی جعلسازی سے باز نہیں آتے۔ قانونی دستاویزات کے بغیر مکہ کا رخ کرنے والے افراد بھی ایک ایسی ہی مثال ہیں، جن کی بڑی تعداد کو سعودی حکام نے مکہ جاتے ہوئے پکڑا ہے اور ان کی گاڑیاں تک ضبط کر لی گئی ہیں۔
عرب نیوز کی رپورٹ کے مطابق سعودی سکیورٹی اہلکاروں نے حج پرمٹ کے بغیر مکہ کی جانب رواں ایک لاکھ 20ہزار سے زائد زائرین کو پکڑ کر واپس بھیج دیا ہے، جبکہ 61ہزار 600 گاڑیاں بھی ضبط کرلی گئی ہیں۔ سکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ مکہ جانے والی سڑکوں پر نئی چیک پوسٹیں قائم کی گئی ہیں اور سکیورٹی کو بھی سخت کردیا گیا ہے تا کہ اس طرح کی غیر قانونی حرکات کرنے والوں کے ساتھ سختی سے نمٹا جا سکے۔
سعودی عرب، حکومت کا عید الضحیٰ پر16چھٹیوں کا اعلان
دوسری جانب زائرین کے تحفظ اور سلامتی کو یقینی بنانے کیلئے محکمہ شہری دفاع کے اہلکاروں کو بھی تعینات کردیا گیا ہے۔ مکہ ریجن سول ڈیفنس جنرل ڈائریکٹوریٹ کے ڈائریکٹر کا کہنا تھا کہ تمام علاقوں میں سول ڈیفنس اہلکاروں کو تعینات کردیا گیا ہے تاکہ زائرین کی حفاظت کو یقینی بنایا جاسکے۔ اسی طرح فائر بریگیڈ، ریسکیو اور ایمرجنسی سروس کے اہلکاروں کو بھی تمام اہم مقامات پر تعینات کردیا گیا ہے۔