داعش سمیت تمام دہشتگرد تنظیموں کا خاتمہ چاہتے ہیں، ایران دیگر ممالک کے معاملات میں مداخلت کرکے عالمی قوانین کی خلاف ورزی کر رہا ہے: شاہ سلمان بن عبدالعزیز

داعش سمیت تمام دہشتگرد تنظیموں کا خاتمہ چاہتے ہیں، ایران دیگر ممالک کے ...
داعش سمیت تمام دہشتگرد تنظیموں کا خاتمہ چاہتے ہیں، ایران دیگر ممالک کے معاملات میں مداخلت کرکے عالمی قوانین کی خلاف ورزی کر رہا ہے: شاہ سلمان بن عبدالعزیز

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

ریاض (ڈیلی پاکستان آن لائن) خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے کہا ہے کہ داعش سمیت تمام دہشتگرد تنظیموں کا خاتمہ چاہتے ہیں اور اسی مقصد کیلئے اسلامی فوجی اتحاد قائم کیا اور اب دہشتگردی کے خاتمے کیلئے ایک سنٹر قائم کر رہے ہیں۔ ایران دیگر ممالک کے معاملات میں مداخلت کرکے عالمی قوانین کی خلاف ورزی کر رہا ہے، ایران ہماری خاموشی کو کمزوری سمجھ رہا ہے۔
عرب، امریکہ اسلامی سربراہی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شاہ سلمان بن عبدالعزیز کا کہنا تھا کہ شریعت کا سب سے اہم مقصد انسانی جان کا تحفظ ہے ، کسی بے گناہ کو مارنا پوری انسانیت کو مارنے کے مترادف ہے۔ دہشتگردی پوری انسانیت کیلئے خطرہ ہے، داعش سمیت تمام دہشتگرد تنظیموں کا خاتمہ چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب طویل عرصے سے دہشتگردی سے متاثر ہے، دہشتگردوں نے مسلمانوں کے قبلے کو نشانہ بنانے کی کوشش کی ، سعودی عرب نے دہشتگردی کی بہت سی کوششیں ناکام بنائی ہیں۔ بدی کی قوتوں سے لڑنا ہماری ریاستی و دینی ذمہ دار ی ہے۔ انتہا پسندی کا مل کر مقابل کرنا ہم سب کا فرض ہے دہشتگردی اور انتہا پسندی کے خلاف متحد ہونا ہوگا۔
شاہ سلمان کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کا مقابلہ کرنے کیلئے ایک سنٹر قائم کر رہے ہیں جبکہ اسلامی عسکری اتحاد بھی دہشتگردوں کو شکست دینے کیلئے بنایا گیا ہے امید کرتے ہیں کہ دیگر ممالک بھی اس اتحاد میں شامل ہوں گے۔
انہوں نے اپنے خطاب کے دوران ایران کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ ایران نے ہماری خاموشی کو کمزوری سمجھا اور دوسرے ممالک کے معاملات میں دخل اندازی جاری رکھی ۔ ایران 1979 کے انقلاب کے بعد سے یہ سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے ۔ ایران کی دیگر ملکوں کے معاملات میں مداخلت عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے، ہم ایرانی حکومت کے کسی بھی فعل کا ذمہ دار وہاں کے عوام کو نہیں سمجھتے۔ تمام مسلمان ممالک دیگر تمام ملکوں سے تعلقات خراب کرنے کی کوششوں کو مسترد کرتے ہیں۔
شاہ سلمان نے مسئلہ فلسطین کے پرامن حل پر بھی زور دیا اور کہا کہ دنیا میں قیام امن کیلئے اس مسئلے کو حل کرنا سب سے بنیادی چیز ہے۔