”ہم پاکستان آ رہے ہیں “مسلمانوں کی ایک ایسی تنظیم نے اعلان کردیا کہ جان کر پاکستانی خوش ہوجائیں گے
جدہ(ڈیلی پاکستان آن لائن)مسلم ورلڈ لیگ نے پاکستان میں ہونیوالی اعتدال پسند بیان بازی کے نام پر منعقد ہونیوالی کانفرنس میں شرکت کا اعلان کردیا اور اس ضمن میں سیکرٹری جنرل ایم ڈبلیو ایل محمد بن عبدالکریم ال عیسیٰ نے بھی تصدیق کردی اور بتایاکہ مسلم ورلڈ لیگ مرکزی اہل حدیث جماعت کی جانب سے منعقد کردہ کانفرنس میں شرکت کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق یہ کانفرنس اسلام آباد میں آج صدر مملکت ممنون حسین کی زیر صدارت ہورہی ہے۔سیکرٹری جنرل نے اپنے بیان میں کہا کہ ”مسلم ورلڈ لیگ کا اس کانفرنس میں شرکت کرنے کا مقصد اسلام کے بنیادی مقصد اور تعلیمات کے مطابق لوگوں میں محبت ،بھائی چارہ اورایثار کے جذبے کو اجاگر کرنا ہے۔اس کے ساتھ ہی مسلم سکالرز کا کردار کہ اسلام انتہا پسندی کیخلاف ہے اور اس کی مکمل طور پر مخالفت کرتا ہے“۔
انہوں نے مزید کہا کہ” کانفرنس میں شرکت کرنے والے علماءکرام ،مبلغین اور مفکرین اس بات پر زور دیں گے کہ مسلمان نوجوان انتہا پسندی اور دہشتگردی کے پھیلانے کا باعث نہیں بن رہے ۔سیکرٹری جنرل کا کہنا تھا کہ علماءنوجوانوں میں دہشتگردی کے اس پھیلتے ہوئے زہر کو روکنے کیلئے اپنا کردار ادا کریں اور ان کوششوں کو تیز کرنے کی ضرورت ہے کہ ایسے تمام عناصر کا قلع قمع کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا جو کہ مسلمان نوجوانوں میں انتہاپسندی کو پروان چڑھانے کا باعث بنتے ہیں۔“