اپنے اختیارات استعمال کرکے اپنے بیٹے کو نوکری دلوانے والے سعودی وزیر کو بادشاہ سلمان نے سزا سنادی، کیا سزا سنائی؟ جان کر آپ بھی انصاف کے اس نظام پر عش عش کر اُٹھیں گے

اپنے اختیارات استعمال کرکے اپنے بیٹے کو نوکری دلوانے والے سعودی وزیر کو ...
اپنے اختیارات استعمال کرکے اپنے بیٹے کو نوکری دلوانے والے سعودی وزیر کو بادشاہ سلمان نے سزا سنادی، کیا سزا سنائی؟ جان کر آپ بھی انصاف کے اس نظام پر عش عش کر اُٹھیں گے

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

ریاض (مانیٹرنگ ڈیسک) سعودی فرمانروا شاہ سلمان نے ایک بار پھر انصاف کی عمدہ مثال قائم کرتے ہوئے اختیارات سے تجاوز کرنے والے ایک اہم وزیر کو عہدے سے برطرف کردیا ہے۔ وزیر موصوف پر الزام تھا کہ انہوں نے اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے اپنے بیٹے کو اہم عہدے سے نواز دیا تھا۔ 

عرب نیوز کی رپورٹ کے مطابق وزیر برائے سول سروس خالد العرج کو شاہی فرمان کی روشنی میں برطرف کیا گیا تو سعودی عوام میں خوشی کی لہر دوڑ گئی اور فرمانروا شاہ سلمان کو دل کھول کر خراج تحسین پیش کیا گیا۔ مذکورہ وزیر کو صرف برطرف ہی نہیں کیا گیا بلکہ ان کے خلاف اقرباء پروری کے الزامات کی تحقیق کرنے کیلئے ایک کمیٹی بھی قائم کردی گئی ہے۔
سعودی سیاسی تجزیہ کار ہمدان الشہری نے اس فیصلے کو شفافیت کے ایک نئے دور کا آغاز قرار دیا۔عرب نیوز سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ’’یہ سب کیلئے پیغام ہے کہ کوئی بھی قانون سے بالا تر نہیں ہے۔ آپ ایک وزیر ہیں یا بیوروکریٹ ، یا جو بھی، اگر آپ کوئی غلط کام کرتے ہیں تو آپ کو معاف نہیں کیا جائے گا۔ یہ پیغام صرف برطرف کئے گئے وزیر کیلئے نہیں تھا بلکہ تمام وزراء کیلئے تھا، کہ احتساب کا نیا دور شروع ہوچکا ہے۔ اس ملک کے لوگ جانتے ہیں کہ اقرباء پروری کی اجازت نہیں ہوگی۔ یہ ایک بہت اچھی علامت ہے۔‘‘ فیصلے پر عوامی ردعمل کے بارے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا ’’جس طرح سوشل میڈیا پر اس فیصلے کی تحسین کی گئی ہے اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ عوام ایک اچھی اور شفاف حکومت کی تمنا رکھتے ہیں۔‘‘
واضح رہے کہ سعودی نیشنل اینٹی کرپشن کمیشن کو معلوم ہوا تھا کہ مذکورہ وزیر نے قلمدان سنبھالنے کے کچھ ہی عرصے بعد اپنے بیٹے عبداللہ کو 21600 ریال (تقریباً پونے چھ لاکھ پاکستانی روپے) ماہانہ کی ملازمت پر فائز کردیا تھا۔ وزیر موصوف کو برطرف کرنے کے بعد حصام بن سعید کو ان کی جگہ نیا وزیر مقرر کیا گیا ہے۔

مزید :

عرب دنیا -