مسجدالحرام میں مطاف صرف طواف کے لئے مختص ہوگا، سعودی حکومت نے اعلان کردیا
جدہ (محمد اکرم اسد) مسجد الحرام میں مطاف صرف طواف کرنے والوں کے لئے مختص کردیا گیا۔ یہ فیصلہ رمضان المبارک میں کئے گئے تجربہ کے تناظر میں کیا گیا۔ گورنر مکہ مکرمہ ریجن شہزادہ خالد الفیصل نے جو مرکزی حج کمیٹی کے سربراہ بھی ہیں، ماہ مبارک کے دوران یہ دیکھتے ہوئے کہ طواف کرنے والوں کو تراویح اور قیام اللیل کی نماز پڑھنے والوں کی وجہ سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے، حکم جاری کیا تھا کہ مطاف سرف طواف کرنے والوں کے لئے مختص رہے جبکہ نوافل اور عبادت کے خواہشمند زائرین مسجد الحرام کے ایسے تمام مقامات پر نماز اور عبادت کریں جو صرف عبادت اور تلاوت کے ذکر و فکر کیلئے مخصوص ہیں۔
مکہ گورنریٹ نے واضح کیا کہ خادم حرمین شریفین کے مشیر مکہ مکرمہ کے گورنر اور مرکزی حج کمیشن کے سربراہ شہزادہ خالد الفیصل نے ہدایت جاری کی ہے کہ جمعرات کے روز سے لے کر حج سیزن کے اختتام تک مسجد الحرام کا صحن (مطاف) صرف طواف کرنے والوں کے لئے مخصوص ہوگا۔ سیکرٹریٹ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ گورنر مکہ نے مطاف کے صحن کو صرف طواف کرنےو الوں کے لئے مختص کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔
ایک دوسرے نوٹ میں کہا گیا ہے کہ نمازیوں کو حرم کے اندرونی حصوں، نئی توسیع اور بالائی منزلوں پر منتقل کیا گیا ے۔ فیصلہ پر عملدرآمد کے لئے حرم سکیورٹی فورس کے اہلکار تعینات کردئیے گئے ہیں۔