حوثی باغیوں سے جھڑپ میں 5 سعودی فوجی شہید، اپاچی ہیلی کاپٹر تباہ ہونے سے 2 پائلٹ مارے گئے

حوثی باغیوں سے جھڑپ میں 5 سعودی فوجی شہید، اپاچی ہیلی کاپٹر تباہ ہونے سے 2 ...
حوثی باغیوں سے جھڑپ میں 5 سعودی فوجی شہید، اپاچی ہیلی کاپٹر تباہ ہونے سے 2 پائلٹ مارے گئے

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

ریاض (مانیٹرنگ ڈیسک) یمنی بارڈر پر حوثی باغیوں سے جھڑپ کے نتیجے میں سعودی عرب کے پانچ بارڈر گارڈ ز شہید ہوگئے جبکہ پیر کے روز یمن میں اپاچی ہیلی کاپٹر تباہ ہونے سے بھی 2 سعودی پائلٹ شہید ہوگئے ہیں ۔
سعودی وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پیر کی صبح 6 بجے جنوب میں سرحدی شہر نجران میں مسلح گروہ نے سعودی عرب میں داخل ہونے کی کوشش کی جنہیں روکنے کیلئے سعودی بارڈر گارڈز کی جانب سے کارروائی کی گئی اور دہشتگردوں سے 8 گھنٹے تک فائرنگ کا تبادلہ ہوتا رہا ۔ سعودی وزارت داخلہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ انصاراللہ گروپ کے حوثی باغیوں نے سعودی بارڈر کراس کرنے کی کوشش کی جس کے نتیجے میں جھڑپ ہوئی اور سعودی عرب کے پانچ فوجی شہید ہوگئے۔
علاوہ ازیں سعودی وزارت داخلہ کے ترجمان نے مزید بتایا کہ یمن میں موسم کی خرابی کے باعث اپاچی ہیلی کاپٹر تباہ ہونے سے سعودی عرب کے 2 پائلٹ جاں بحق ہوگئے ہیں۔ انہوں نے یمن کے شہر کا نام نہیں بتایا تاہم ان کا کہنا تھا کہ حادثہ موسم کی خرابی کے باعث پیش آیا ۔ واضح رہے کہ بارڈر گارڈ کے جوانوں اور پائلٹوں کی شہادت کے بعد یہ رواں ماہ سعودی فوجیوں کے مارے جانے کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔
دوسری طرف سعودی عرب کی جانب سے گزشتہ 15 ماہ سے یمن میں فضائی حملے کیے جارہے ہیں جس کے نتیجے میں ایک اندازے کے مطابق اب تک 10 ہزار سے زیادہ لوگ مارے جاچکے ہیں۔