پوپ فرانسس کی جامعة الازہر کے سربراہ سے ملاقات، بین المذاہب ہم آہنگی کی ضرورت پر زور دیا
قاہرہ (ڈیلی پاکستان آن لائن) عیسائیوں کے سب سے بڑے مذہبی پیشوا پوپ فرانسس اور مسلمانوں کی سب سے بڑی علمی درسگاہ جامعة الازہر کے سربراہ نے ملاقات کی ہے جس میں بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ پر زور دیا گیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق عیسائیوں کے مذہبی پیشوا پوپ فرانسس دو روزہ دورے پر مصر کے دارالحکومت قاہرہ پہنچے ہیں جہاں ان کا استقبال مصری صدر اور وزیر اعظم نے کیا۔ پوپ فرانسس کا یہ دورہ حال ہی میں مصر میں عیسائیوں کے گرجا گھروں پر ہونے والے حملوں کے تناظر میں کیا جا رہا ہے۔
مصری صدر اور وزیر اعظم سے ملاقات کے بعد پوپ فرانسس نے مسلمانوں کی سب سے بڑی اور قدیمی درسگاہ جامعة الازہر کا دورہ کیا جہاں انہوں نے درسگاہ کے سربراہ احمد الطیب سے ملاقات کی۔ ملاقات کے بعد دونوں نے ایک تقریب سے خطاب کے دوران بین المذاہب ہم آہنگی کی ضرورت پر زور دیا ۔