مصر میں نکاح خواں بیٹی کا نکاح پڑھوانے کے دوران انتقال کر گیا
قاہرہ (ڈیلی پاکستان آن لائن )مصر میں نکاح خواں اپنی بیٹی کا نکاح پڑھوانے کے دوران انتقال کر گیا ۔ اس واقعے کی ویڈیو بھی سامنے آگئی ہے جس میں مصری نکاح خواں کی زندگی کے آخری لمحات کو دیکھا جا سکتا ہے۔
”العربیہ “ کے مطابق یہ واقعہ شمالی مصر کی القلیوبیہ گورنری کے طوخ سینٹر میں پیش آیا جب ایک مقامی نکاح خوان مرسی خلیل سلامہ کلمہ شہادت پڑھتے ہوئے اپنی بیٹی کے نکاح کے وقت انتقال کرگیا۔ عین تقریب نکاح میں لڑکی کے والد کے انتقال نے شادی کی خوشی کو ماتم میں تبدیل کردیا۔ گھر میں ہرطرف کہرام برپا ہوگیا اور شادی کی ساری خوشیاں غم وواندوہ میں تبدیل ہو گئیں۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مرسی خلیل خود اپنی بیٹی کا نکاح پڑھوا رہے ہیں ، اس موقع پر عزیز و اقارب کی بڑی تعداد بھی موجود ہے کہ اچانک وہ اپنی بائیں جانب گرتے ہیں اور پھر انکا انتقال ہو جاتا ہے۔
مصری نکاح خواں کی موت حرکت قلب کے اچانک بند ہونے سے واقع ہوئی جسے ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اس کی موت کی تصدیق کردی۔
گاو¿ں کے لوگوں کا کہنا ہے کہ مرسیٰ خلیل سلامہ ایک نیک سیرت اور اعلیٰ اخلاق کے مالک تھے۔ وہ ناراض لوگوں میں صلح کراتے اور ایک دوسرے سے حسن اخلاق سے پیش آنے کی ہمیشہ تلقین کرتے رہے۔ انہیں اکثر یہ کرتے سنا جاتا تھا کہ ”اے اللہ ہماری زندگی کا خاتمہ خوبصورت انداز میں فرمانا“۔