اٹک میں ایک اور آئل ٹینکر الٹ گیا ،سانحہ احمد پور شرقیہ میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 197ہو گئی
اٹک (ڈیلی پاکستان آن لائن )پنجاب کے ضلع اٹک میں ایک اور آئل ٹینکر الٹ گیا جس کے بعد پولیس اورریسکیو ٹیموں نے فوراً موقع پر پہنچ کر علاقے کو سیل کردیا ،ادھر سانحہ احمد پور شرقیہ میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 197ہو گئی جبکہ75افراد زیر علاج ہیں ۔
تفصیل کے مطابق اٹک میں کھوڑو روڈ پر آئل ٹینکر الٹ گیا جس میں تقریباً50ہزار لیٹر آئل موجود تھا ۔ٹینکر الٹنے کے فوری بعد ڈرائیور نے پولیس کو حادثے سے آگاہ کیا جس پر پولیس اہلکار اور امدادی ٹیمیں فوری موقع پر پہنچ گئیں جنہوں نے علاقے کو سیل کردیا تاکہ کسی بھی ممکنہ حادثے سے بچا جا سکے ۔دوسری جانب لاہور کے جناح ہسپتال میں احمد پور شرقیہ سانحے میں جھلس جانے والے مزید دو افراد دم توڑ گئے جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 197ہو گئی ہے جبکہ 75افراد ابھی بھی زیر علاج ہیں ۔