اپوزیشن کا مجوزہ گرینڈ الائنس ،عمران خان کو منانے کا ٹاسک شیخ رشید کے سپرد

صفحہ آخر


لاہور ( حنیف خان)وفاقی حکومت کے خلاف بنائے جانے والے مجوزہ گرینڈ الائنس میں تحریک انصاف کی شمولیت یقینی بنانے کے لئے عمران خان کو منانے کا ٹاسک عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کو سونپا جائے گا۔جبکہ مسلم لیگ ق کے سربراہ چودھری شجاعت حسین اور ڈاکٹر طاہر القادری کے صاجزادے ڈاکٹر حسن محی الدین کومتحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم)،آل پاکستان مسلم لیگ ،سنی اتحاد کونسل اورمجلس وحدت المسلیمین سمیت دیگر سیاسی و مذہبی جماعتوں سے رابطے کرنے کی ذمہ داری دی گئی ہے ۔ان رابطوں کا عمل رواں ہفتے کے اختتام تک شروع کرنے کا امکان ہے ۔ذرائع نے بتایا کہ تحریک انصاف کی مرکزی قیادت نے عمران خان کو مشورہ دیا ہے تحریک انصاف کو انتخابی اصلاحات کے حوالے سے تحریک چلانے تک محدود رکھا جائے اور کسی بھی ایسے گرینڈ الائنس کا حصہ نہ بنا جائے جس سے حکومت کو خطرہ ہو او ر کوئی تیسری قوت فائدہ اٹھا لے ۔ذرائع نے بتایا کہ تحریک انصاف کے مرکزی جاوید ہاشمی اور وائس چیئر مین شاہ محمود قریشی نے اپنی پارٹی کے چیئر مین عمران خان کومشورہ دیا ہے کہ ابھی کسی بھی قسم کے گرینڈ الائنس کا حصہ بننے سے گریز کیا جائے اور صرف حلقوں میں ووٹوں کی تصدیق کے حوالے سے تحریک چلائی جائے یہ مطالبہ عوام کی سمجھ میں بھی آتاہے اور اس مطالبے کو عوامی حمایت بھی حاصل ہوگی لیکن اگر حکومت کے خلاف ڈاکٹر طاہرالقادری اور چودھری شجاعت حسین کے ایجنڈ ا کو لے کر چلا گیا تو اس ایجنڈے کو عوامی پذیرائی نہیں ملے گی کیونکہ ان کے قول و فعل عوام کے سامنے ہے ۔