ناقص مٹیریل کی شاندہی مہنگی پڑ گئی ،ایم این اے کی تعمیراتی کمپنی کے ڈائریکٹر نے انجینئر کو زخمی کر دیا
لاہور(شہباز اکمل جندران//انویسٹی گیشن سیل) سٹرک کی تعمیر میں ناقص مٹیریل کے استعمال کو روکنا انجنئیر کو مہنگا پڑ گیا۔ن لیگ کے ایم این اے ملک محمد ریاض کی تعمیراتی کمپنی کے ڈائریکٹراور ملک ریاض کے بھتیجے نے انجنئیر کو بندوق کے بٹ مارکرکے شدید زخمی کردیا۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔ جبکہ سی اینڈڈبلیو نے انجنئیر کو تحفظ دینے یا ٹھیکیدار کو بلیک لسٹ کرنے کی بجائے خاموشی اختیار کرلی ہے۔ تفصیلات کے مطابق مریدکے ، نارووال روڈ کی توسیع کے منصوبے میں گروپ تین کا کام ایم این اے ملک محمدریاض کی تعمیراتی کمپنی آر ایم سی کو الاٹ کیا گیا۔ اور منصوبے کی سپروژن کے لیے اے زیڈ ای نامی کمپنی کو کنسلٹنٹ مقرر کیا گیا۔مذکورہ کمپنی نے تجمل حسین کو ریذیڈنٹ انجنئیرتعینات کیا۔ دوروز قبل تجمل حسین نے سائٹ 62کلومیٹر پر ٹی ایس ٹی کی تکمیل میں ٹھیکیدار کو ناقص بجری و پتھر اور کم لک کے استعمال سے روکا تو ٹھیکیدار ، مذکورہ انجنئیر سے الجھ پڑا سی دوران کمپنی کا ڈائریکٹر اور ن لیگ کے شاہدرہ ، لاہورکے حلقہ این اے118سے ایم این اے ملک محمد ریاض کابھتیجا ملک احسان گن مینو ں کے ہمراہ موقعے پر پہنچ گیا اور اس نے انجنئیر تجمل حسین کو بندق کے بٹ مارکر شدید زخمی کردیا۔جسے فوری طورپر طبی امداد کے لیے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوآرٹر ہسپتال نارووال منتقل کردیا گیا۔ واقع کی اطلاع پانے پر پولیس تھانہ نیدوکی نارووال نے ملک احسان کےخلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔ اس سلسلے میں گفتگو کے لیے چیف انجنئیر ھائی ویز نارتھ پنجاب خالد پرویز سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے اس حوالے سے بات نہ کی۔ جبکہ ان کے ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن شجاع الدین کا کہناتھا کہ وہ ایسے کسی واقعے سے آگاہ ہی نہیں ہیں۔ذرائع کے مطابق سپرنٹنڈنٹ انجنئیر ھائیو ویز نارتھ گوجرانوالہ فرحت منیر نے اس سلسلے میں محکمے کو باقاعدہ تحریری طورپر آگاہ کیا ہے۔ لیکن محکمے نے اس واقع کو قابل توجہ نہیں سمجھا ۔دوسری طرف سی اینڈڈبلیو کی انتظامیہ نے حیران کن طورپر انجنئیر کو تحفظ دینے یا ٹھیکیدار کو بلیک لسٹ کرنے کی بجائے خاموشی اختیار کرلی ہے۔ اس سلسلے میں گفتگو کرتے ہوئے ھائی ویز اینڈبلڈنگز انجنئیرز ویلفئیر ایسوسی ایشن کے مرکزی رہنما صفدر رضا کا کہنا تھا کہ انجنئیر وں کو سائٹ پر تحفظ فراہم کرنا حکومت اور محکمے کا کام ہے۔ ایسے انجنئیر جو کرپٹ مافیا کے خلاف سینہ سپر ہونے کی طاقت رکھتے ہوں ، ان کی قدر کی جانی چاہیے۔ان کا کہناتھا کہ انجنئیروں کو تشدد کا نشانہ بنانے والے ٹھیکیداروں کے خلاف کارروائی کی جانی چاہیے اور ایسی فرمیں بلیک لسٹ ہونی چاہیں۔
ناقص مٹیریل