علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے وفد کی جسٹس (ر) ناصرہ جاوید اقبال سے ملاقات
لاہور(خبر نگارخصوصی) شاعر مشرق و مفکر پاکستان ڈاکٹر علامہ محمد اقبالؒ کے فرزند جسٹس (ر) جاوید اقبال کی اہلیہ جسٹس (ر) ناصرہ جاوید اقبال نے کہا ہے کہ جسٹس (ر) جاوید اقبال مرحوم کو علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی سے خاص انس تھا اور وہ ہمیشہ یونیورسٹی کی ترقی کے لئے دعا گو رہتے تھے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر محمدنعیم قریشی اور ریجنل ڈائریکٹر لاہور رسول بخش بہرام نے جسٹس (ر) جاوید اقبال مرحوم کی اہلیہ جسٹس (ر) ناصرہ جاوید اقبال سے ملاقات کی اوراظہار تعزیت کرتے ہوئے مرحوم کے درجات کی بلندی کی دعا کی۔ وفد نے بیگم پورہ لاہور میں واقع معروف صوفی بزرگ خواجہ خاوند محمود المعروف خواجہ ایشاںؒ کے مزار کے احاطہ میں موجود جسٹس(ر) جاوید اقبال کی قبر پر حاضری دی اور وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شاہد صدیقی کی طرف سے قبر پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ پڑھی۔ وفد نے جسٹس (ر) جاوید اقبال کی قومی و ملی خدمات کو زبردست خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ ان کی شخصیت ملک و قوم کا عظیم سرمایہ تھیں اور وہ مفکر پاکستان علامہ محمد اقبالؒ کی نشانی اورنظریہ پاکستان کے امین تھے۔