ممنوعہ بور کے اسلحہ لائسنس پر عائد پابندیاں ختم کر نیکا فیصلہ
اسلام آباد (آن لائن، آئی این پی) وزارت داخلہ نے ممنوعہ بور کے اسلحہ لائسنس پر عائد پابندیاں ختم کرنے کا اصولی فیصلہ کرلیا، نئی اسلحہ لائسنس پالیسی تیار، جس میں ممنوعہ بورڈ کے اسلحہ لائسنس کےلئے کم از کم25سال کی عمر اور نیشنل ٹیکس نمبر لازمی قرار دینے کی تجویز دی گئی ہے، نئی پالیسی کی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان جلد منظوری دے دیں گے۔ وزارت داخلہ کے سینئر حکام نے بتایا کہ وزیر داخلہ نے ممنوعہ بور کے اسلحہ لائسنس کے اجراءمیں بڑے پیمانے پر شکایات کا نوٹس لے کر تحقیقات کا حکم دیا تھا اور اب تک 10ہزار کے قریب ایسے اسلحہ لائسنس کا پتہ چلایا گیا ہے جو غیر قانونی طریقے سے جاری کئے گئے ۔ جس کے پاس این ٹی این نمبر نہیں ہو گا اسے دوگنا فیس ادا کرنا ہو گی۔ ذرائع کے مطابق جعلی اسلحہ لائسنس کے اجراءکو روکنے کےلئے سخت اقدامات کئے جائیں گے اور اگر کوئی سرکاری ملازم ملوث پایا گیا تو اسے 5سال قید اور ملازمت سے برطرف کرنے کی تجویز بھی نئی پالیسی میں دی گئی۔ وزیر داخلہ آئندہ دوہفتوں تک ممنوعہ بور اسلحہ لائسنس کی نئی پالیسی کی باضابطہ منظوری دے دیں گے۔