پی ٹی آئی صوبے کی سیاسی تاریخ بدلنے جارہی ہے، چوروں اور لیٹروں کے کڑے احتساب کا وقت آچکا: پرویز خٹک
پشاور(این این آئی)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ چوروں اور لیٹروں کے کڑے احتساب کاوقت آچکا ہے۔ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی جد وجہد کی بدولت حکمران ٹولے کے سربراہ نوازشریف سمیت اس کا پورا خاندان قانون کے شکنجے میں آچکا ہے۔ یہ ابتداء ہے آگے آگے دیکھئے مزید چوروں اور لیٹروں کو احتساب کے کٹہرے میں کھڑا کریں گے او ر عمران خان کاکہنا ہے قومی دولت لوٹنے والوں سے ایک ایک پائی وصول کی جائے گی۔خیبرپختونخوا کی صوبائی حکومت بھی کرپشن اور رشوت میں ملوث بیورو کریٹس اور سیاست دانوں کو ہر گز معاف نہیں کرے گی۔ ہم یہ دعوی تو نہیں کرتے کہ ہم نے سوفیصد رشوت اور کمیشن ختم کردی مگر بڑی حدتک رشوت اور کمیشن میں واضح کمی آچکی ہے۔ پی ٹی آئی صوبے کی سیاسی تاریخ بدلنے جارہی ہے۔ ہماری حکومت کا آخری سال ہے اس کے باوجود بڑی بڑی شخصیات اور کارکن دوسری پارٹیاں چھوڑ کرپی ٹی آئی میں شامل ہورہے ہیں 2018 کے انتخابات کے لیے ایسی حکمت عملی وضع کرلی ہے دوسری پارٹیوں کو تگنی کاناچ نچاوائیں گے۔ ابھی سے تحریک انصاف کی مقبولیت سے خائف جماعتیں اتحاد بنا رہی ہے۔ صحافی ملک کے افق پر ہونے والے واقعا ت کا مشاہدہ کریں ۔ وہ نوشہرہ میں میڈیا کالونی کے سنگ بنیاد اور مانکی شریف میں کیٹگری ڈی ہسپتا ل کے افتتاح کے موقع پر جلسوں سے خطاب کرہے تھے وزیراعلیٰ نے کہا کہ اس ملک میں پہلی بار ملک کے وزیر اعظم پر ہاتھ ڈالا گیااور وزیر اعظم کے پورے خاندان کی کرپشن بے نقا ب ہوگئی۔ پرویز خٹک نے کہا کہ وہی نوازشریف جو دھرنوں احتجاجوں کی سیاست کی مخالفت کررہے تھے عمران خان پر تنقید کررہے تھے آج معلوم نہیں کہ اپنی ہی حکومت میں ہوتے ہوئے لانگ مارچ کس کے خلاف کیا اور خود بھی کنٹینر پر چڑھ گئے انھوں نے اے این پی اور پی پی پی پرکڑی تنقید کی اور کہا کہ ان کادور ختم ہوچکا ہے۔ میں نے ان کوبڑی نزدیک سے دیکھا ہے اوران کی کرپشن بھی دیکھی ہے۔یہ پارٹیاں تو آئندہ اقتدار کا سوچیں بھی نہیں۔انھوں نے کہا کہ اب تک اس ملک میں اساتذہ، ڈاکٹر، پولیس اورپٹواری پر سیاست ہوتی رہی اور پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت نے سیاست دانوں پر یہ تمام راستے بند کردئیے ہیں۔ تمام ملازمتیں این ٹی ایس کے ذریعے میرٹ پر اہل لوگوں کودی جارہی ہیں تاکہ صوبے کے قابل نوجوان آگے بڑھیں اور صوبے کی خدمت کریں۔ملک کو بڑے بڑے چیلنجز کا سامنا ہے ہمیں برائیوں کی قوتوں کے خلاف اپنی صف بندیاں کرنی ہیں۔نئے پاکستان کیلئے ہر کسی کواپنی استعداد کے مطابق ذمہ داری نبھانی ہے موجودہ حکومت جب اقتدار میں آئی تو ہمیں کئی چیلنجز کا سامنا تھا، ادارے تباہ حال تھے برائی کی قوتیں طاقتور تھی لیکن موجودہ حکومت نے برائیوں کو جڑ سے اکھاڑنے کے علاوہ اداروں کی تعمیر نو کاآغاز کرکے صوبے کو ترقی کے راہ پر گامزن کیا پرویز خٹک نے کہا کہ صوبائی حکومت صحافیوں کی مالی مشکلات سے آگاہ ہے اور یہی وجہ ہے کہ پچھلے چار سالوں میں صحافیوں کی فلاح و بہبود کیلئے ٹھوس اقدامات کئے گئے ہیں اور سب سے بڑھ کر آج کی میڈیا کالونی کی افتتاحی تقریب اس بات کی گواہ ہے کہ صوبائی حکومت کس طرح اپنے وعدوں کو عملی جامہ پہناتی ہے وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت کا آئین کے مطابق جتنا بھی عرصہ باقی ہے اس میں ہماری کوشش ہوگی کہ صحافی برادری کیلئے بے مثال اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔
پرویزخٹک