مہنگی خرید کر گیس سستی فروخت نہیں کر سکتے ،اوگرا قیمتوں پر نظر ثانی کرے،عارف حمید

مہنگی خرید کر گیس سستی فروخت نہیں کر سکتے ،اوگرا قیمتوں پر نظر ثانی کرے،عارف ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 لاہور (آئی این پی) سوئی ناردرن گیس پائپ لائن کمپنی کے منیجنگ ڈائر یکٹر عارف حمید نے کہا ہے کہ کمپنی مہنگی گیس خرید کر سستی کیسے فروخت کر سکتی ہے ،گیس کی قیمت میں اضافہ ہوا ہے تو اس کی قیمت فروخت میں بھی اضافہ ہونا چاہیے ،جیسے جیسے ہماری ڈومیسٹک سیل بڑھتی جا رہی ہے ویسے ویسے ہمارے لائن لاسز میں بھی اضافہ ہو رہا ہے، جی آئی ڈی سی ایکٹ حکومت منظور کر چکی ہے جس پر سوئی ناردرن عمل کر رہی ہے جبکہ سینٹ کی کمیٹی اس پر تین ماہ میں اپنی سفارشات بھیجے گی۔ وہ گزشتہ روزمقامی ہوٹل میں آئل اینڈ گیس ریگو لیٹری اتھارٹی کے زیر اہتمام سوئی ناردرن کے2012-13.14کے سالانہ حسابات کی سماعت کے حوالے سے ہونے والے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے ۔ایم ڈی عارف حمید نے کہا کہ آئل اینڈ گیس ریگو لیٹری اتھارٹی اگلے دو سے تین ہفتوں میں2012-13اور2013-14کے حتمی حسابات کی منطوری کا فیصلہ دیدے گی،ہم اوگرا سے درخواست کر رہے ہیں کہ ارجنٹ کنکشنوں کی تعداد اور فیس میں اضافے کی منظوری دی جائے،جیسے جیسے گھریلو صارفین کی تعداد بڑھتی جا رہی ہے کمپنی کے لائن لاسز میں بھی اضافہ ہوتا جا رہا ہے جس کی بنیادی وجہ ملک میں اور بالخصوص صوبہ کے پی کے میں امن و امان کی ناقص صورتحال ہے۔ انہوں نے کہا کہ جیسے جیسے ہماری ڈومیسٹک سیل بڑھتی جا رہی ہے ویسے ویسے ہمارے لائن لاسز میں بھی اضافہ ہو رہا ہے، دنیا کے ترقی یافتہ ممالک میں لائن لاسز کی شرح6.5فیصد جبکہ پاکستان میں اس وقت10.50ہے۔ عارف حمید نے کہا کہ جی آئی ڈی سی ایکٹ حکومت منظور کر چکی ہے جس پر سوئی ناردرن عمل کر رہی ہے جبکہ سینٹ کی کمیٹی اس پر تین ماہ میں اپنی سفارشات بھیجے گی۔انہوں نے بتایا کہ اس وقت سوئی ناردرن کے نیٹ ورک پر15لاکھ درخواستیں زیر التوا ہیں ہمیں سالانہ3لاکھ کنکشن لگانے کی اجازت ہے جن میں سے دس فیصد ارجنٹ فیس پر لگائے جاتے ہیں ، ہم اوگرا سے درخواست کرنے جا رہے ہیں کہ ارجنٹ کنکشنوں میں اضافے کے ساتھ ساتھ اس کی فیس بھی25000سے بڑھا کے 50ہزار روپے کی جائے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم جس قیمت پر گیس خرید رہے ہیں اس سے کم قیمت پر فروخت کر رہے ہیں لہٰذا کسی بھی کمپنی کو ایسے نہیں چلایا جا سکتا، ہماری اوگرا سے درخوا ست ہے کہ وہ ہمارے حقیقی اخراجات اور گیس کی قیمت کو سامنے رکھتے ہوئے گیس کی سیل پرائس میں اضافے کا تعین کرے۔کیونکہ سوئی ناردرن مہنگی گیس خرید کر سستی کیسے فروخت کر سکتی ہے،گیس کی قیمت میں اضافہ ہوا ہے تو اس کی قیمت فروخت میں بھی اضافہ ہونا چاہیے۔

مزید :

صفحہ آخر -