کراچی: رینجرز، سی ٹی ڈی کی مشترکہ کارروائی، 2دہشتگرد ہلاک، دو پولیس مقابلوں میں 3مارے گئے
کراچی(صباح نیوز) کراچی میں کورنگی ڈھائی نمبر پررینجرز اور کانٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ نے کراچی میں کارروائی کر کے کالعدم ٹی ٹی پی کے 2دہشتگردوں کو ہلاک کردیا جبکہ شارع فیصل اور کامران چورنگی پردو پولیس مقابلوں میں3 ڈکیت مارے گئے۔رینجرز اور سی ٹی ڈی پولیس نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کراچی میں کورنگی ڈھائی نمبر پر مشترکہ کارروائی کی، جہاں نورانی بستی کا محاصرہ کیا گیا تاہم اس دوران سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان کافی دیر تک فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا جس میں 2 دہشت گرد ہلاک ہو گئے، جن کا تعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے بتایا جارہا ہے۔سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشت گردوں نے ٹھکانے پر بم نصب کیا ہوا تھا جسے ناکارہ بنانے کیلئے بم ڈسپوزل اسکواڈ کو بھی طلب کیا گیا۔انچارج سی ٹی ڈی راجہ عمر خطاب نے بتایا کہ ہلاک دہشت گرد پولیس ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھے جبکہ دہشتگردوں کے قبضے سے ٹائم بم، دستی بم، ڈیٹونیٹر، پمفلٹ اور ٹریفک پولیس اہلکاروں سے چھینی رائفل بھی برآمد ہوئی۔ دوسری طرف رات گئے شارع فیصل پر پولیس مقابلے میں 2ڈکیت مارے گئے، پولیس کے مطابق ملزمان نے 6ساتھیوں کیساتھ انٹرنیشنل فاسٹ فوڈ ریسٹورنٹ میں ڈکیتی کی تھی۔ یس ایس پی ایسٹ عرفان بلوچ کے مطابق ملزمان کے قبضے سے لوٹا ہوا سامان اور اسلحہ برآمد ہوا،ہلاک ملزمان کے دیگر چھ ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، جن کی تلاش کے لئے پولیس ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے۔کامران چورنگی پر بھی مبینہ پولیس مقابلے میں ایک ڈاکو ہلاک ہوا، اورنگی پاکستان بازار میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے چار ملزمان کو گرفتار کرلیا،پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان میں غیر قانونی اسلحہ رکھنے اورکرایہ داری ایکٹ کاملزم شامل ہے۔