دنیا کے150ممالک کے عوام پاکستانیوں سے زیادہ مقروض،جاپان پہلے نمبر

صفحہ آخر


کراچی(اے این این)جاپانی قوم سب سے زیادہ قرض دار ہے ، ہر شہری پر 85 ہزار 700 ڈالر کا بوجھ ہے ، ایک امریکی 42 ہزار 504 جبکہ ہر پاکستانی کے ذمہ 800 ڈالر قرض ہے۔پاکستان کی حکومت کی طرف سے ریکارڈ مالیت میں قرضے لینے کے باوجود عوام پر قرضوں کا بوجھ اب بھی دوسرے ملکوں سے کافی کم ہے ،دنیا کے 150سے زائد ممالک کے شہری پاکستانیوں سے زیادہ مقروض ہیں۔قرضوں اور آبادی کے تناسب سے جاپانی دنیا بھر میں سب سے زیادہ مقروض ہیں، جاپان کے ہر شہری پر 85 ہزار 700 ڈالر قرض کا بوجھ ہے۔دوسرے نمبر پر آئر لینڈ ہے ، جس کا ہر شہری 67 ہزار 147 ڈالرکا مقروض ہے۔ایک رپورٹ کے مطابق 2016 کے اختتام پر سنگاپور کا ہر شہری 56 ہزار 113 ڈالراور ہر امریکی 42 ہزار 504 ڈالر کا مقروض تھا، تاہم پاکستان کے ہر شہری کے ذمہ اوسطا 8 سو ڈالر کا قرض بنتا ہے۔اسی طرح ہر بھارتی نے 9سو ڈالر، ہر چینی نے 13سو ڈالر اور ہر ایرانی نے 6سو ڈالر کا قرض ادا کرنا ہے۔آبادی کے تناسب سے کم ترین قرض لینے والوں میں لائبیریا پہلے نمبر پر ہے ، جس کا ہر شہری صرف 27ڈالر کا مقروض ہے۔