ملک کے 63اضلاع میں مردم شماری جاری، کراچی سے غیر ملکی شخص گرفتار
کراچی/پشاور/کوئٹہ(صباح نیوز)ملک کے 63 اضلاع میں مردم شماری کاعمل پیرکو تیسرے روزبھی جاری رہا۔ وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ نے مردم شماری سے متعلق شکایتی مرکز قائم کردیا ہے ۔کراچی میں مردم شماری کے دوران بلدیہ سے غیر قانونی طورپر رہائش پذیر27سالہ شخص کو گرفتار کرلیاگیا۔مردم شماری کے دوران وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ کا شکایتی سیل بھی فعال ہوگیا ہے۔ ترجمان وزیراعلیٰ ہاؤس کے مطابق شکایتی سیل کو139شکایات موصول ہوئی جنہیں چیف سیکریٹری سندھ کے ذریعے متعلقہ حکام کو پہنچادیاگیا۔پشاورمیں بھی مردم شماری کا عملہ گھرگھر جاکراندراج کررہاہے۔ سیکورٹی فورسزاور پولیس اہلکار مردم شماری کے عملے کی سیکورٹی پرتعینات ہیں۔ پجگی روڈ اور چارسدہ روڈ کے چند علاقے خانہ شماری سے رہ گئے تھے، جن کے شماراور مردم شماری کاکام بھی ایک ماہ کے اندر مکمل کیا جائیگا۔ بلو چستان کے15اضلاع میں مردم شماری کاعملہ افراد کی گنتی میں مصروف ہے،پہلے مر حلے میں کوئٹہ،آواران، لسبیلہ، ڈیرہ بگٹی، کوہلو، موسی خیل اور وا شک، خاران، قلات، جعفرآباد، نصیرآباد، پشین، نوشکی، تربت اورلہڑی بھی پہلے مرحلے میں کور کئے جا رہے ہیں۔ مردم شماری کیلئے سکیورٹی کے بھی مناسب انتظامات کئے گئے ہیں۔