عمران خان نااہلی کیس، حنیف عباسی کے منی ٹریل پر اعتراضات، غلط بیانی پر آرٹیکل 62ون ایف لگانے کی استدعا
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) مسلم لیگ (ن) کے رہنما حنیف عباسی نے نااہلی کیس میں جمع کرائی گئی عمران خان کی منی ٹریل پر اعتراضات اٹھادیئے،عمران خان دوستوں پردیانتدار نہ ہونے کے الزامات لگاتے ہیں لہٰذا غلط بیانی پر آرٹیکل62 ون ایف لگایا جائے۔نجی ٹی وی کے مطابق کیس کے درخواست گزار حنیف عباسی نے سپریم کورٹ میں ایک متفرق درخواست دائر کی ہے جس میں ان کی جانب سے عمران خان کی منی ٹریل پر اعتراضات اٹھائے گئے ہیں۔حنیف عباسی کی متفرق درخواست میں مؤقف اپنایا گیاہے کہ عمران خان نے کہا آف شور کمپنی لندن فلیٹ کی فروخت سے بنائی، لندن فلیٹ کی فروخت کے بعد بھی نیازی سروسز لمیٹڈکے اکاؤنٹ میں ٹرانزیکشن ہوتی رہی اور ایک لاکھ میں سے صرف 25 ہزار پاؤنڈ وکیل کو ادا ہوئے۔درخواست میں کہا گیا ہے کہ عمران خان نے جواب میں کہا نیازی سروسز بے وقعت ہو چکی ہے، عمران خان دوستوں پردیانتدار نہ ہونے کے الزامات لگاتے ہیں لہٰذا غلط بیانی پر آرٹیکل62 ون ایف لگایا جائے۔