کرنل (ر) امجد حسین سیدشاہ جمال کے نزدیک آبائی قبرستان میں سپرد خاک

کرنل (ر) امجد حسین سیدشاہ جمال کے نزدیک آبائی قبرستان میں سپرد خاک

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(سٹاف رپورٹر)تحریک پاکستان کے ممتاز کارکن کرنل (ر) امجد حسین سید کو شاہ جمال کے نزدیک ان کے آبائی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا مرحوم کی عمر 96برس تھی وہ کچھ روز سے علیل تھے اور منگل کو خالق حقیقی جا ملے ۔ان کا جنازہ انکی رہائش گاہ نیو مسلم ٹاؤن سے اٹھایا گیا۔ نماز جنازہ میں سپیکر قومی اسمبلی سردارایاز صادق ، سابق وزیر اعظم چودھری شجاعت حسین ، جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ ،پنجاب یونیورسٹی کے سابق وائس چانسلر ڈاکٹر مجاہد کامران، روزنامہ پاکستان کے چیف ایڈیٹر مجیب الرحمان شامی، روزنامہ دنیا نیوز کے گروپ ایڈیٹر سہیل وڑائچ ،ایگزیکٹو ایڈیٹر سلمان غنی ، ڈاکٹر اجمل نیازی، شاہد رشیدسمیت نامور شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔جنازہ کے شرکا نے مرحوم کے صاحبزادوں سینیٹر مشاہد حسین سید ،مواحد حسین اور مجاہد حسین سید سے اظہار افسوس کیا اور مرحوم کی تاریخی خدمات کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔بعدازاں مرحوم کی قبر پر پاکستان آرمی ، نظریہ پاکستان ٹرسٹ تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ اور دیگر تنظیموں کی جانب سے پھول اور چادر یں چڑھائی گئیں مرحوم کی رسم قل آج ساڑھے 5بجے شام ان کی رہائش گاہ واقع 111نیو مسلم ٹاؤن میں ادا کی جائے گی دعائے مغفرت شام 6بجے ہو گی۔مرحوم کو یہ اعزاز حاصل تھا کہ وہ 23مارچ 1940ء کے تاریخ ساز اجلاس میں شریک ہوئے اور 1946ء کے الیکشن میں مسلم لیگی امیدواروں کے حق میں انتخابی مہم چلائی ۔ پاکستان آرمی سے ریٹائرہونے کے بعد نظریہ پاکستان کی ترویج و اشاعت کے لئے کام کرتے رہے1947ء میں تحریک پاکستان میں ان کی خدمات کے اعتراف میں سید امجد حسین کو سب سے بڑا اعزاز گولڈ میڈل دیا گیا ۔

مزید :

صفحہ آخر -