ملک میں جمہوریت نہیں جوڈیشل مارشل لاءہے : جاوید ہاشمی

ملک میں جمہوریت نہیں جوڈیشل مارشل لاءہے : جاوید ہاشمی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد (این این آئی)ممتاز سیاسی رہنما مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ ملک میں جمہوریت نہیں جوڈیشل مارشل لاء ہے، ملکی تاریخ میں سپریم کورٹ نے سب کو نااہل کیا صرف اس کو نااہل نہیں کیا جس نے آئین کو توڑا، کارگل کے وقت نوازشریف کی امریکہ سے واپسی پر پی ایف بیس پر جنرل پرویز مشرف وردی میں ناچتا رہا اور کہا کہ آپ نے ہمیں بچا لیا، چار دن بعد کہہ دیا کہ میدان میں جیتی جنگ، ٹیبل پر ہار دی۔ ایک وقت میں 11 کور کمانڈروں میں سے 9 نمبر دار تھے کیونکہ نمبرداروں کو اضافی زمین الاٹ ہوتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیشنل پریس کلب کے پروگرام میٹ دی پریس میں کیا۔ مخدوم جاویدہاشمی نے کہا کہ سیاستدانوں، جنرلوں، ججوں نے اپنی ذمہ داریاں صحیح ادا نہیں کیں، آج ہمیں جن چیلنجز کا سامنا ہے اس کی بنیادی وجہ ہمارے اداروں کی اپنی ذمہ داریوں سے پہلو تہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج بدقسمتی سے ملک مسائل سے دوچار ہے۔ ہر آنیوالا دن ان کے مسائل اضافہ کرتا جا رہا ہے۔ ہمارے ادارے اپنی آئینی حدود سے تجاوز کر کے دوسروں کے کام میں مداخلت کر کے اپنے اصل کام کو چھوڑ چکے ہیں۔ جس کی وجہ سے ملک ترقی کی بجائے تنزلی کی طرف جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کی تاریخ گواہ ہے کہ عدالتوں نے 70 کے قریب سیاستدانوں کو نااہل قرار دیا۔ محمد علی بوگرا نے ایک آرڈر کے ذریعے ان نااہل افراد کو اہل قرار دے دیا۔ سیاستدان بھی دوسروں کے ہاتھوں میں کھیلتے رہے ہیں۔ سیاستدانوں نے بھی اپنی ذمہ داریاں صحیح طریقے سے ادا نہیں کیں۔ جنرل ہوں یا جج ہر کسی نے اپنی ذمہ داریوں کو ادا نہیں کیا۔ آج ٹی وی چینلز میں ریٹائرڈ جنرل بیٹھ کر ہرشعبے پر تبصرے کرتے ہیں اور اپنے جنرلوں کا دفاع کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں کسی ادارے یا فرد کے خلاف نہیں ہوں، پاک فوج کے جوان تو سرحدوں کی حفاظت کر رہے ہیں ان کی عظیم قربانیوں کا مجھ سمیت ہر کوئی اعتراف کرتا ہے۔ بدقسمتی سے قیام پاکستان سے لیکر اب تک پاکستان کے ساتھ جو کھلواڑ ہو رہا ہے اسے اب بند ہو جانا چاہئے، ملک کی ترقی جمہوریت میں ہی مضمر ہے سب کو مل کر جمہوریت کے استحکام کیلئے کام کرنا ہوگا۔ تب ہی ہمارا ملک آگے بڑھے گا۔ انہوں نے کہا کہ جنرل پرویز مشرف کے دور میں قومی اسمبلی میں ایک تحریری رپورٹ پیش ہوئی جس میں سب سے زیادہ کرپٹ طبقہ عسکری لوگ تھے دوسرے نمبر پر ججز اور بیورو کریسی اور تیسرے درجے پر کرپٹ سیاستدان تھے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے راستے زندہ قوموں والے راستے نہیں ہیں ہمیں اپنی اصلاح کرنا ہوگی۔ جاوید ہاشمی نے کہا کہ اگر ہم قومی یکجہتی اور اتحاد کے ساتھ پاکستان کو ترقی کی راہ پر ڈالیں تو دنیا کی کوئی طاقت پاکستان کو نقصان نہیں پہنچا سکتی۔ بھارت پاکستان کو کسی قیمت پر نہیں توڑ سکتا ہم خود اپنے ملک کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔ مستقبل میں دس سال کے اندر بھارت پاکستان کے پاؤں پکڑ کر معافی پر مجبور ہوگا۔ گوادر کا راستہ ہمیں قدرت نے دیا ہے بھارت کی مجبوری ہے کہ وہ پاکستان سے ہاتھ ملائے۔ انہوں نے کہا کہ چرچل نے کہا تھا کہ جرنل جنگ نہیں لڑ سکتے بلکہ عوام کی طاقت چاہئے۔ آج بھی اسی اصول کو اپنے سامنے رکھنا ہوگا۔ ہمیں اپنے اپنے معاملات کو سمجھنا چاہئے۔ ایک دوسرے کے معاملات میں مداخلت نہ کریں۔ تمام ادارے اپنی آئینی حدود و قیود کے اندر رہ کر اپنی آئینی ذمہ داریاں ادا کریں تو تمام مسائل آج بھی حل ہو سکتے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ نوازشریف اسمبلی میں جاتے رہتے تو مسائل نہ ہوتے، ہمیں پارلیمنٹ کو عزت و توقیر دینا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ میں یہ سمجھ کر عمران خان کی پارٹی میں شامل ہوا تھا کہ وہ صاف اور سیدھے آدمی ہیں لیکن پہلے ہی دن عمران خان کے ساتھ بیٹھا تو وہ کہہ رہے تھے کسی کو کہہ رہے تھے کہ پاشا سے آپ کی بات ہو گئی اور کیانی سے میری بات ہو گئی۔ جس پر میں نے کہا کہ میں کہاں آ کر پھنس گیا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو سب سے زیادہ نقصان فوجی آمروں سے ہوا ہے ہر فوجی آمر کے دور میں پاکستان کے حصے الگ ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب ایٹمی دھماکے کرنے تھے تو امریکی بار بار آ رہے تھے لیکن نوازشریف نے دروازے بند کئے ہوئے تھے حالانکہ اس کے وقت کے جنرل دھماکوں کے حق میں نہیں تھے۔ ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے جس نے پاکستان کو ایٹمی قوت بنایا اسے پرویز مشرف نے ایٹم بم بنانے کی سزا دی مشرف نے ایٹمی سائنسدان کی تذلیل کی۔ جاوید ہاشمی نے کہا کہ میں ہاتھ جوڑ کر تمام قومی اداروں سے کہتا ہوں کہ اب بس کریں۔ ملک چلانے کے طریقے سیکھیں۔ اب آپ سب کے سامنے ننگے ہو گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کو پارلیمنٹ میں زیادہ نمائندگی دے دی جاتی تو مسائل کافی حد تک حل ہو جاتے۔ بلوچستان کے عوام میں اطمینان کی کیفیت پیدا ہو جاتی کہ وہ بھی وزیراعظم اور صدر کو منتخب کر سکتے۔ انہوں نے کہا کہ جنرلوں اور ججوں کی ملی بھگت سے آئین کو بار بار توڑا گیا۔ ہمارے سیاستدانوں نے بھی آئین کی قدر نہیں کی۔ ماضی میں ججز نے آئین کو چھوڑ کر فرد واحد سے وفاداری کی اور قسمیں اٹھائیں۔ ججز نے پرویز مشرف سے بھی وفاداری کا حلف اٹھایا۔ جس نے آئین کو توڑا اس سے وفاداری کا حلف اٹھایا گیا۔ آج ملک میں جمہوریت نہیں ہے بلکہ جوڈیشل مارشل لاء ہے۔ آخر میں جاوید ہاشمی نے یادگار شہدائے صحافت پر پھول چڑھائے اور وزیٹر بک میں اپنے تاثرات بھی قلم بند کئے۔

مزید :

صفحہ آخر -