پیپلز پارٹی کا وزیراعظم کے استعفے تک احتجاجی تحریک جاری رکھنے کا اعلان
کراچی (این این آئی) پاکستان پیپلز پارٹی نے وزیراعظم کے مستعفی ہونے تک احتجاجی تحریک جاری رکھنے اور مسلم لیگ ن کی وفاقی حکومت کی ناکامیوں اور جھوٹ کو عوام کے سامنے عیاں کرنے کا اعلان کردیا ہے۔پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار احمد کھوڑو نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کی ناکام خارجہ پالیسی کی وجہ سے پاکستان کی سعودی کانفرنس اور کلبھوشن یادیوکے معاملے پر دنیا بھرمیں ساکھ متاثر ہوئی ہے اور دنیا بھر میں پاکستان کے وقار پر سوالیہ نشان کے ذمہ دارناکام وزیراعظم نوازشریف ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے منگل کے روز پی پی پی میڈیا سیل بلاول ہاؤس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ نثاراحمد کھوڑو نے کہا کہ ملک کی ناکام خارجہ پالیسی اور ناکام وزیراعظم کی وجہ سے پاکستان آئسولیشن کا شکار ہورہا ہے اور حکومت اپنی کمزوری چھپانے کے لیے سوشل میڈیا کی آواز کو دبانے کی کوششوں میں ہیں اور ایف آئی اے کے ذریعے لوگوں پر چھاپے لگوائے جارہے ہیں جس عمل کی مذمت کرتے ہیں۔انھوں نے کہاکہ مسلم لیگ ن کی وفاقی حکومت آمر جنرل(ر) ضیاء اورجنرل(ر) مشرف کے نقش وقدم اور پالیسی پر چل رہی ہے کیونکہ نواز شریف جنرل ضیاء الحق کے جانشین بننا چاہتے ہیں۔انھوں نے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف داغدار ہوچکے ہیں جس وجہ سے دنیا میں پاکستان کو خاطر میں بھی نہیں لایا جارہا ہے اوریہی وجہ ہے کہ سعودی کانفرنس میں وزیراعظم کو بولنے کا موقع ہی نہیں دیا گیا۔انھوں نے کہا کہ کلبھوشن یادیوکے معاملے پر بھی پاکستان نے اپنا جج عالمی عدالت میں نہ بھیج کر ملک دشمن کی مدد کی ہے ۔انھوں نے کہا کہ سرتاج عزیز کومشیر خارجہ نہیں مانتے کیونکہ اصل وزیر خارجہ وزیراعظم خود ہیں اور وہ دنیا میں پاکستان کا وقار بڑھانے میں ناکام ہوچکے ہیں ۔